تلنگانہ سے کوویڈ تفصیل ویب سائیٹ پر اپ لوڈ نہیں کی گئیں : مرکز

   

وینٹی لیٹرس کا استعمال نہیں کیا گیا، ٹسٹوں کی تعداد میں اضافہ اور ادویات کا اسٹاک رکھنے پر زور
حیدرآباد ۔ 11 ڈسمبر (سیاست نیوز) مرکز نے تلنگانہ پر کوویڈ کی تفصیلات (ڈاٹا) متعلقہ ویب سائیٹ میں اپ لوڈ کرنے میں لاپرواہی اور غفلت سے کام کرنے کا الزام عائد کیا۔ ملک بھر میں ڈاٹا اپ لوڈ نہ کرنے والے 132 اضلاع کی مرکزی حکومت نے فہرست جاری کی ہے۔ اس فہرست میں تلنگانہ کے تمام 33 اضلاع شامل ہیں۔ ٹیکہ اندازی و کورونا کی نئی شکل اومی کرون دہشت کے پیش نظر مرکزی محکمہ صحت و خاندانی بہبود نے تمام ریاستوں کے محکمہ صحت کے پرنسپل سکریٹریز کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر (پی ایم ایس ایس وائی) آکسیجن کنسنٹریشن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (او سی ایم آئی ایس) کے علاوہ دوسرے پورٹلس میں تفصیلات اپ لوڈ کرنے میں تلنگانہ کا ناقص مظاہرہ ہونے کا دعویٰ کیا گیا۔ یہ بھی کہا گیا کہ مرکز کی جانب سے تلنگانہ کو فراہم کردہ وینٹی لیٹرس میں تمام کو نصب نہیں کیا گیا۔ نئے وینٹی لیٹرس کیلئے بھی درخواست داخل نہیں کی گئی۔ مرکز کے فراہم کردہ وینٹی لیٹرس کے استعمال کیلئے 50 فیصد ماہرین نہ ہونے کا بھی دعویٰ کیا گیا اور کہا گیا کہ ملک کے 13 ریاستوں کی یہی صورتحال ہے۔ مرکز کی جانب سے تلنگانہ کو 1708 وینٹی لیٹرس فراہم کئے گئے جس میں 1565 وینٹی لیٹرس ہی تنصیب کئے گئے۔ ماباقی 143 وینٹی لیٹرس کو تنصیب کرنے اس کے استعمال اور نگرانی کیلئے عملہ کا تقرر کرلینے کا مشورہ دیا۔ن