روانگی میں 7 گھنٹے تاخیر، صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم نے انتظامات کی نگرانی کی
حیدرآباد۔23۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کے عازمین حج کا تیسرا قافلہ 7 گھنٹوں کی تاخیر سے جدہ سعودی عرب کیلئے روانہ ہوا۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم اور اگزیکیٹیو آفیسر جناب بی شفیع اللہ نے حج کمیٹی ارکان کے ساتھ 377 عازمین کے قافلہ کو وداع کیا۔ سعودی ایرلائینس کی خصوصی فلائیٹ صبح 4 بجے روانہ ہونے والی تھی لیکن جدہ سے طیارہ کی آمد میں تاخیر کے سبب 11.30 بجے دن روانہ ہوئی اور شام میں جدہ پہنچ گئی۔ عازمین حج کو صبح 5.30 بجے حج ہاؤز سے خصوصی بسوں کے ذریعہ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ منتقل کیا گیا ۔ حج کیمپ اور ایرپورٹ پر عازمین کی سہولت کیلئے بہتر انتظامات کئے گئے تھے جس کی راست نگرانی صدرنشین محمد سلیم نے کی ۔ محمد سلیم نے عازمین سے خطاب کرتے ہوئے فلائیٹ میں تاخیر پر معذرت خواہی کی ۔ حج کمیٹی کی جانب سے ایرپورٹ پر ناشتہ کا انتظام کیا گیا۔ انہوں نے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ ایام حج کے دوران معمولی مسائل اور دشواریوں کے باوجود مناسک حج کی تکمیل پر توجہ دیں ، اپنا زیادہ تر وقت عبادتوں پر صرف کریں۔ انہوں نے کہا کہ کونسل جنرل جدہ اور حج مشن کے عہدیداروں نے عازمین حج کیلئے مؤثر انتظامات کئے ہیں ۔ عازمین کی روانگی کے موقع پر ارکان حج کمیٹی سید غلام احمد حسین ، محمد جعفر خاں ، سید عرفان الحق ، سید نظام الدین اور عاصمہ سلطانہ موجود تھے۔ مولانا مفتی محمد انواراحمد نے مناسک حج اور زیارت کے آداب بیان کئے ۔ تیسرے قافلہ میں حیدرآباد کے 202 ، نظام آباد 119 ، کاما ریڈی 40 ، سوریا پیٹ 9 ، رنگا ریڈی 4 اور نلگنڈہ کے 3 عازمین شامل ہیں۔ عازمین حج کا چوتھا قافلہ 25 جون کی صبح 8.35 بجے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے روانہ ہوگا۔ر