تلنگانہ عازمین حج کو روانگی کے موقع پر سہولتوں کی فراہمی میں حکام کی سرد مہری

   

علحدہ ٹرمنل اور ایمیگریشن کاؤنٹر کا انتظام نہیں،140 نشستی طیاروں کے سبب روزانہ 3 فلائیٹس، حج کمیٹی ذمہ داروں کا دورہ
حیدرآباد۔/23مئی، ( سیاست نیوز) حج 2023 کے تلنگانہ حج کمیٹی کے عازمین کی روانگی کا 7 جون سے آغاز ہوگا اور حیدرآباد انٹر نیشنل ایرپورٹ پر حکام نے علحدہ سہولتوں کی فراہمی سے انکار کیا ہے جس کے نتیجہ میں جاریہ سال عازمین کو آزمائش سے گذرنا پڑسکتا ہے۔ صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم نے ایگزیکیٹو آفیسر بی شفیع اللہ کے ہمراہ شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ کے ٹرمنل کا دورہ کرتے ہوئے عازمین حج کی روانگی کے سلسلہ میں کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ایرپورٹ کے عہدیداروں نے عازمین کیلئے انٹرنیشنل ٹرمنل کی سہولتوں اور ایمیگریشن کاؤنٹر کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ٹرمنل سے ضروری امور کی عاجلانہ تکمیل کے انتظامات کئے جائیں گے۔ جی ایم آر حکام نے علحدہ خصوصی ٹرمنل کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا لیکن انٹر نیشنل مسافرین کے ٹرمنل سے ہی عازمین کی روانگی عمل میں آئے گی اور ایمیگریشن کیلئے بھی علحدہ کاؤنٹر نہیں رہے گا۔ حج کمیٹی کی جانب سے بارہا توجہ دہانی کے باوجود بھی ایرپورٹ حکام پہلے سے طئے شدہ انتظامات پر قائم ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ عازمین کے فضائی سفر کیلئے الاٹ کردہ وستارہ ایرلائنز نے عازمین کیلئے 140 نشستی طیاروں کے انتظام کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سابق میں سعودی ایر لائنز اور ایر انڈیا نے 300 سے زائد نشستوں کے طیارے فراہم کئے تھے۔ جاریہ سال وستارہ ایر لائنز تلنگانہ کیلئے الاٹ کیا گیا اور ہر فلائیٹ میں 140 نشستوں کے نتیجہ میں روزانہ 3 فلائیٹس کی روانگی کا انتظام کیا جارہا ہے جس کے نتیجہ میں عازمین کو دشواریاں پیش آسکتی ہیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا کو ایرلائنز الاٹمنٹ سے قبل جمبو طیاروں کیلئے معاہدہ کرنا چاہیئے تھا۔ ایر پورٹ پر ایمیگریشن کیلئے بھی دیگر مسافرین کیلئے موجود کاؤنٹرس سے عازمین حج کو گذرنا ہوگا ، ان کیلئے علحدہ کاؤنٹر قائم نہیں کیا گیا۔ حج کمیٹی صدرنشین اور عہدیداروں کی توجہ دہانی پر ایر پورٹ اور ایر لائنز حکام کا سردمہری کا رویہ باعث حیرت ہے۔ اس سلسلہ میں حکومت کو مداخلت کرنی چاہیئے اور چیف سکریٹری یا چیف منسٹر کی سطح پر اجلاس طلب کرتے ہوئے موثر انتظامات کی ہدایت دی جائے۔ ایرپورٹ کے دورہ کے موقع پر موجود عہدیداروں نے جی ایم آر کے چیف آپریٹنگ آفیسر اویناش سریواستو، سی آئی ایس ایف کے اسسٹنٹ کمشنر جے پی دتا، سمیت کپور جی ایم آر آپریشن منیجر، ماروتی جی ایم آر ریمپ آپریشن، گوپال جنرل منیجر، راکیش جی ایم آر منیجر، حج کمیٹی کے ارکان سید نظام الدین، غلام احمد، حمید پٹیل اور اسسٹنٹ ایگزیکیٹو آفیسر عرفان شریف موجود تھے۔ واضح رہے کہ جی ایم آر حکام ابتداء ہی سے علحدہ ایمیگریشن کاؤنٹر کی فراہمی اور وستارہ ایر لائنز کے حکام جمبو طیاروں کے استعمال سے انکار کرتے رہے لیکن ان پر دباؤ بنانے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے جس کا خمیازہ تلنگانہ عازمین حج کو بھگتنا پڑسکتا ہے۔ اب جبکہ قافلوں کی روانگی کیلئے دو ہفتے باقی ہیں‘ حکومت کو راست طور پر مداخلت کرتے ہوئے مسائل کی یکسوئی کرنی چاہیئے۔ر