140 نشستی چھوٹے فلائیٹس، ایر پورٹ پر ایمیگریشن کی علحدہ سہولت نہیں، مسائل کے حل کیلئے صدرنشین حج کمیٹی کی ہدایت
حیدرآباد۔/17 مئی، ( سیاست نیوز) حج 2023 کے تلنگانہ عازمین کی روانگی کا 7 جون سے آغاز ہوگا لیکن اس مرتبہ ایر لائنز اور ایمیگریشن کے سلسلہ میں عازمین حج کو دشواریوں کا اندیشہ ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے جاریہ سال حیدرآباد سے روانہ ہونے والے عازمین کیلئے سعودی ایر لائنز کے بجائے وستارہ ایر لائنز کا انتخاب کیا ہے اور مذکورہ ایر لائنز نے عازمین حج کیلئے ڈومیسٹک فلائیٹس الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا جو 140 نشستوں والی ہوتی ہے۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم نے آج وستارہ ایر لائنز کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ ایر لائنز کی جانب سے تاحال فلائیٹ شیڈول جاری نہیں کیا گیا۔ گذشتہ برسوں میں عازمین حج کا ہر ایک قافلہ 300 تا 320 عازمین پر مشتمل رہا ہے لیکن اس مرتبہ وستارہ ایر لائنز نے 140 نشستی فلائیٹ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے نتیجہ میں نہ صرف عازمین کو چھوٹی فلائیٹ سے دشواری ہوسکتی ہے بلکہ ہر ایک قافلہ 2 فلائیٹس کے ذریعہ جائے گا۔ صدرنشین حج کمیٹی نے 280 یا 320 نشستوں والے جمبو فلائیٹ کا مطالبہ کیا جس پر وستارہ ایر لائنز کے حکام نے جائزہ لینے کا تیقن دیا۔ اگر 140 نشستوں پر مشتمل فلائیٹ الاٹ کی جائے تو عازمین کو سفر کے دوران دشواری پیش آئے گی۔ صدرنشین حج کمیٹی نے ایر لائنز حکام کو ہدایت دی کہ عازمین کو حلال فوڈ فراہم کی جائے اس کے علاوہ فلائیٹ میں دیا جانے والا ٹشو پیپر خوشبو کے بغیر ہو کیونکہ احرام میں خوشبو کا استعمال نہیں کیا جاسکتا۔ اجلاس میں ایرپورٹ منیجر جی لکھن پال، سیکوریٹی منیجر کے ہری پرساد، سینئر منیجر اِن فلائیٹ سرویسس شفیع الدین غلام، ڈپٹی منیجر شیوا کمار، انتونی راس، بی مہیش، سرینواسن سندرم، مونیکا مہتانی اور عرفان شریف نے شرکت کی۔ اسی دوران ایر پورٹ پر عازمین حج کیلئے ایمیگریشن کی علحدہ سہولت فراہم کرنے کیلئے جی ایم آر حکام کو مکتوب روانہ کیا گیا ہے۔ حکام نے عازمین حج کیلئے علحدہ ٹرمنل سے اتفاق کیا لیکن ایمیگریشن کی سہولت دیگر انٹر نیشنل مسافرین کے ساتھ رہے گی۔ علحدہ ایمیگریشن سہولت نہ ہونے کے سبب عازمین کو ایمیگریشن کی تکمیل میں دشواری ہوسکتی ہے۔ گذشتہ 15 برسوں سے عازمین حج کیلئے ایمیگریشن کی سہولت علحدہ دی جارہی تھی لیکن اس مرتبہ حکام نے دیگر انٹر نیشنل مسافرین کے ساتھ عازمین حج کے ایمیگریشن کی تکمیل کا فیصلہ کیا ہے۔ ایگزیکیٹو آفیسر بی شفیع اللہ نے اس سلسلہ میں جی ایم آر حکام کو مکتوب روانہ کیا۔ر