تلنگانہ عازمین حج کی منٰی منتقلی کا آغاز

   

تمام عازمین خیریت سے،صدر نشین حج کمیٹی محمد سلیم کا خادم الحجاج سے ربط
حیدرآباد۔/6 جولائی، ( سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم نے تلنگانہ کے عازمین حج کی خیریت دریافت کرنے کیلئے حج مشن کے عہدیداروں اور خادم الحجاج سے ربط قائم کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کے تمام عازمین حج مکہ مکرمہ میں خیریت سے ہیں اور منٰی روانگی کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ چہارشنبہ کی رات سے عازمین حج کو منٰی منتقل کردیا جائے گا اور کل 8 ذی الحجہ سے مناسک حج کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ صبح تک عازمین کی منٰی منتقلی مکمل ہوجائے گی۔ ہندوستان کے تمام عازمین کیلئے منٰی تک ٹرین سرویس کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ عازمین کو خیموں کے نمبر کے ساتھ ٹوکن جاری کئے گئے۔ انہیں ٹرین ٹکٹ اور قربانی کے ٹوکن حوالے کئے گئے۔ منٰی میں عازمین کی آمد کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ صدرنشین حج کمیٹی نے بتایا کہ خادم الحجاج کو مناسک حج کے دوران اپنی سرگرمیوں کی رپورٹ روزانہ روانہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ خادم الحجاج نے بتایا کہ ضعیف العمر عازمین کو وہیل چیر فراہم کردی گئی۔ اسی دوران منچریال سے تعلق رکھنے والے 63 سالہ جناب خواجہ معین الدین 2 جولائی کو باتھ روم میں گر گئے اور فریکچر آگیا۔ انہیں کنگ عبدالعزیز ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں سرجری کی گئی۔ ان کی حالت بہتر ہے اور ابھی ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں۔ ایمبولینس کے ذریعہ انہیں میدان عرفات لایا جائے گا۔ر