ریاست کے وجود کو ختم کرنے کی سازش کو ناکام بنانے صدر پی سی ریونت ریڈی کا عزم
حیدرآباد۔ 5۔اکٹوبر(سیاست نیوز) کے سی آر نے بھارت راشٹر سمیتی کے قیام کے ذریعہ تلنگانہ عوام کو دھوکہ دیا ہے اور وہ اب تلنگانہ کی دولت کو لوٹنے کے بعد تلنگانہ کا لفظ سننے کے لئے بھی آمادہ نہیں ہیں۔ صدرپردیش کانگریس تلنگانہ مسٹر اے ریونت ریڈی نے تلنگانہ راشٹر سمیتی کو قومی سیاسی جماعت میں تبدیل کرنے کے فیصلہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر نے تلنگانہ کے وجود کو ختم کرنے کی جو سازش تیار کی ہے اس کو کامیاب ہونے نہیں دیا جائے گا۔ ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر تلنگانہ نے 2001 سے 2022کے دوران تلنگانہ کے نام پر اپنے سیاسی کاروبار کو ترقی دی اور اب وہ تلنگانہ کے وجود کو ختم کرنے کی سازش کے تحت بی آر ایس کا اعلان کرچکے ہیں۔ صدر پردیش کانگریس نے کہا کہ خاندانی جھگڑوں اور سیاسی لالچ کے پیش نظر عوام کو گمراہ کرنے کے لئے ایک نیا پلیٹ فارم تشکیل دیا گیا ہے جو کہ تلنگانہ عوام اور ریاست کے لئے قربانی دینے والوں کی نعشوں پر سیاست کے مترادف ثابت ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کو حاصل ہونے والے استحکام سے خوفزدہ کے سی آر اور ان کے افراد خاندان کو جان لینا چاہئے کہ اندرون 12ماہ ریاست تلنگانہ سے ان کا صفایا ہوجائے گا اور تلنگانہ میں کانگریس اقتدار حاصل کرے گی۔ اے ریونت ریڈی نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ کو دھوکہ دینے والوں کو تلنگانہ عوام کبھی معاف نہیں کریں گے ۔بھارت راشٹر سمیتی کے قائدین کو انہوں نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں کی زندگی ‘ سیاست ‘ معیشت اور ترقی تلنگانہ کی مرہون منت ہے وہی لوگ اب تلنگانہ کے نام سے فرار اختیار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور تلنگانہ عوام اچھی طرح سے ان حالات کو دیکھ رہے ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں کے سی آر کو تلنگانہ عوام لفظ تلنگانہ سے کی جانے والی غداری کا جواب دیں گے۔م