تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کی تزئین و آرائش تاخیر کا شکار

   

Ferty9 Clinic

بجٹ سیشن کیلئے تیار ہو پائے گی؟ شکوک برقرار، عہدیدار پر امید
حیدرآباد۔ 26 ڈسمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میں واقع تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کی تاریخی عمارت جو 1905 سے 1913 کے درمیان تعمیر ہوئی اور شہر کے اہم ورثے میں شمار کی جاتی ہے کی تزئین نو و آرائش کا کام توقع کے مطابق آگے نہیں بڑھ سکا۔ محکمہ عمارت و شوارع (آر اینڈ بی) کے زیر اہتمام یہ کام اکتوبر 2024 میں شروع کیا گیا تھا۔ حکومت نے اس وقت اعلان کیا تھا کہ تین ماہ میں کام مکمل کرکے عمارت کو 2025 کے بجٹ اجلاس تک دستیاب بنا دیا جائے گا تاکہ اسی تاریخی عمارت میں قانون ساز کونسل کا اجلاس بھی منعقد ہوسکے۔ حکومت نے ایک ہی عمارت میں دونوں ایوانوں کو منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے لئے انتظامات و دوسرے کاموں کی منظوری بھی دے دی تھی۔ تاہم ایک سال گذرنے کے باوجود منصوبہ مطلوبہ
اختیار نہیں پکڑ سکا جس کے باعث آئندہ بجٹ سیشن کے لئے عمارت کی دستیابی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ حکومت نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ آنے والے اسمبلی اجلاسوں کے دوران قانون ساز کونسل کا انعقاد پرانی اسمبلی کی عمارت میں کیا جائے گا۔ اگر تعمیری و مرمتی کام کے ساتھ آرائش کاموں میں تیزی نہیں آئی تو اس اعلان پر عمل درآمد مشکل دکھائی دیتی ہے۔ محکمہ آر اینڈ بی نے قانون ساز اسمبلی میں پرانی اسمبلی عمارت جوبلی ہال اور دیگر آرائشی کاموں کے لئے مجموعی طور پر 49 کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔ عہدیداروں کے اندازے کے مطابق صرف پرانی اسمبلی کی عمارت کی تزئین و آرائش پر تقریباً 15 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ محکمہ عمارت و شوارع کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ تزئین و آرائش کا کام آخری مرحلے میں ہے اور اس وقت پیٹنگ، فرنیچر اور دیگر اندرونی انتظامات پر کام جاری ہے۔ اس کے باوجود مقررہ وقت میں منصوبے کی تکمیل پر بدستور شکوک برقرار ہیں۔ 2