تلنگانہ قانون ساز کونسل کی 3 نشستوں کے انتخابات کی تیاریاں

   

ٹیچرس زمرہ کی 2 اور گریجویٹ زمرہ کی ایک نشست:چیف الیکٹورل آفیسر

حیدرآباد۔/24 ستمبر، ( سیاست نیوز)چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ سی سدرشن ریڈی کے مطابق ریاست میں ٹیچرس زمرہ کی دو اور گریجویٹ زمرہ کی ایک قانون ساز کونسل نشست کی میعاد 29 مارچ کو ختم ہورہی ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے کونسل کی تینوں نشستوں کے انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کیا ہے۔ فہرست رائے دہندگان کی تیاری کے اقدامات کئے جارہے ہیں چیف الیکٹورل آفیسر نے ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرس اور الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔ انہوں نے کونسل کی تینوں نشستوں کے انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ جن تین نشستوں کے ارکان کی میعاد ختم ہورہی ہے ان میں میدک، نظام آباد، عادل آباد، کریم نگر گریجویٹ نشست، میدک، نظام آباد، عادل آباد، کریم نگر ٹیچرس زمرہ کی نشست اور ورنگل، کھمم، نلگنڈہ ٹیچرس ایم ایل سی نشست شامل ہیں۔ سدرشن ریڈی نے کہا کہ تینوں حلقہ جات کے انتخابات کیلئے فہرست رائے دہندگان کی تیاری ڈسمبر 2024 تک مکمل کرلی جائے گی۔ انہوں نے فہرست رائے دہندگان کی تیاری کے سلسلہ میں شیڈول جاری کیا۔ فہرست رائے دہندگان میں شمولیت کیلئے 30 ستمبر کو اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔16 اکٹوبر کو اخبارات میں نوٹیفکیشن شائع کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 25 اکٹوبر کو دوسری مرتبہ ناموں کی شمولیت کا شیڈول جاری ہوگا۔ فارم 18 یا 19 کے تحت درخواستوں کی وصولی کی آخری تاریخ 6 نومبر مقرر کی گئی ہے۔ 20 نومبر کو فہرست رائے دہندگان کا مسودہ تیار کیا جائے گا جس کی 23 نومبر کو اجرائی عمل میں آئے گی۔ 23 نومبر تا 9 ڈسمبر اعتراضات داخل کئے جاسکتے ہیں۔ اعتراضات اور دعوؤں کی یکسوئی 25 ڈسمبر تک کردی جائے گی اور 30 ڈسمبر 2024 کو قطعی فہرست رائے دہندگان جاری کی جائے گی۔1