تلنگانہ میڈیا ایکریڈیٹیشن رولز 2025 کو منظوری‘ جی او جاری

   

Ferty9 Clinic

7 رپورٹرس کو ایکریڈیٹیشن کارڈ، ڈیسک صحافیوں کو میڈیا کارڈ دینے کا فیصلہ
7 اخبارات، ٹی وی اور کیبل چیانلس کیلئے اہلیت کے نئے معیار، ڈیجیٹل میڈیا کیلئے پہلی بار واضح ضابطے

حیدرآباد۔ 23 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ریاست میں صحافیوں کو ایکریڈیٹیشن کارڈس جاری کرنے کے سلسلہ میں ایک بڑا فیصلہ کرتے ہوئے تلنگانہ میڈیا، ایکریڈیٹیشن رولز 2025 کو حتمی شکل دے دی ہے۔ اس سلسلے میں حکومت نے جی او نمبر 252 جاری کیا۔ نئے قواعد کے مطابق ریاستی سطح (SMAC) اور ضلعی سطح (DMAC) کی ایکریڈیٹیشن کمیٹیوں کی میعاد 2 برس مقرر کی گئی ہے جبکہ نئی کمیٹیاں تشکیل پانے تک موجودہ کمیٹیاں اپنا کام جاری رکھیں گی۔ نئے ضابطوں کے مطابق رپورٹرس کو سرکاری معلومات کے حصول کے لئے ایکریڈیٹیشن شناختی کارڈ جاری کیا جائے گا جبکہ ڈیسک صحافیوں کو میڈیا کارڈ دیا جائے گا۔ حکومت نے واضح کیا ہیکہ میڈیا کارڈ کا استعمال صرف سرکاری فلاحی اسکیمات سے استفادہ کے لئے ہوگا ۔ کسی اور مقصد کے لئے اس کو استعمال نہیںکیا جائے گا۔ ڈیجیٹل میڈیا کے لئے پہلی مرتبہ باقاعدہ اصول متعارف کرائے گئے ہیں۔ ان قواعد کے مطابق ڈیجیٹل نیوز میڈیا کو ایکریڈیٹیشن حاصل کرنے لئے متعلقہ ویب سائٹ پر گزشتہ چھ ماہ کے دوران ہر ماہ کم از کم پانچ لاکھ وزیٹرس ہونا لازمی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ریاست بھر میں ڈیجیٹل میڈیا کے زمرے میں زیادہ سے زیادہ صرف 10 ایکریڈیٹیشن کارڈس جاری کئے جائیں گے۔ اہلیت کے معیار کے مطابق اخبارات کے لئے کم از کم دو ہزار کاپیوں کی سرکولیشن کو ضروری قرار دیا گیا ہے اور ایسے اخبارات ایکریڈیٹیشن کے لئے اہل رہیں گے جبکہ پی آر جی آئی (PRGI) رجسٹریشن کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ الیکٹرانک میڈیا میں سٹیلائٹ چیانلس کے لئے کم از کم 50 فیصد خبروں پر مشتمل مواد ہونا ضروری ہے جبکہ لوکل کیبل چیانلس کو روزانہ کم از کم 3 نیوز بلیٹن نشر کرنا ہوگا۔ صحافیوں کے لئے ذاتی اہلیت کے حوالے سے بتایا گیا کہ ریاستی سطح کی ایکریڈیٹیشن کے لئے ڈگری یا کم از کم پانچ سال کا تجربہ ضروری ہوگا۔ اسمبلی حلقہ یا منڈل سطح کے نامہ نگاروں کے لئے انٹرمیڈیٹ کی اہلیت لازمی قرار دی گئی ہے۔ فری لانسر صحافی جن کا کم از کم 15 سال کا تجربہ ہو۔ 30 سالہ تجربہ رکھنے والے سینئر صحافی اور 58 سال کی عمر مکمل کرنے والے صحافی بھی ایکریڈیٹیشن کارڈ کے لئے اہل ہوں گے۔ کمیٹی کے ڈھانچے کے مطابق ریاستی میڈیا ایکریڈیٹیشن کمیٹی (SMAC) میں میڈیا اکیڈیمی کے صدر نشین بطور چیرمین اور انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشن کمشنر معاون چیرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے جبکہ مختلف صحافتی تنظیموں اور پریس کونسل آف انڈیا کے نمائندے بھی اس کا حصہ ہوںگے۔ ضلع سطح کی کمیٹی (DMAC) میں ڈسٹرکٹ کلکٹر چیرمین اور ڈی پی آر او ممبر کنوینر ہوں گے۔ حکومت نے واضح انتباہ جاری کیا ہے کہ اگر ایکریڈیٹیشن کارڈ کا غلط استعمال کیا گیا، غلط معلومات فراہم کی گئیں یا قواعد کی خلاف ورزی کی گئی تو حکومت کو کارڈ منسوخ کرنے کا مکمل اختیار حاصل ہوگا۔ اس کے علاوہ گم شدہ کارڈ کی جگہ ڈپلیکیٹ کارڈ حاصل کرنے کے لئے 250 روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔ 2