حیدرآباد۔/13نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے تلنگانہ اسٹیٹ میڈیکل کونسل کے اُمور میں ریاستی حکومت کی مداخلت پر اعتراض کیا ہے۔ میڈیکل کونسل ایک خود مختار ادارہ ہے جو ڈاکٹرس کو پریکٹس کے سلسلہ میں رجسٹرڈ کرتا ہے۔ چیف جسٹس اجل بھویاں اور جسٹس وجئے بھاسکر ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے حکومت کے احکامات کو چیلنج کرتے ہوئے داخل کی گئی درخواستوں کی سماعت کی۔ حکومت نے تلنگانہ اسٹیٹ میڈیکل کونسل بورڈ میں منتخب ارکان کی تعداد کو 13 سے گھٹا کر 5 کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ نامزد ارکان کی تعداد کو 6 برقرار رکھا گیا۔ عدالت نے حکومت سے جاننا چاہا کہ آیا ہائی کورٹ یا سپریم کورٹ کے کسی احکام کی بنیاد پر یہ کارروائی کی گئی ہے۔ درخواست گذاروں کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ریاستی حکومت میڈیکل کونسل پر کنٹرول حاصل کرنے کیلئے منتخب ارکان کی تعداد کو گھٹانا چاہتی ہے۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ کونسل میں ڈاکٹرس کے رجسٹریشن کی تعداد میں کمی آئی ہے کیونکہ اکثر ڈاکٹرس آندھرا پردیش اسٹیٹ میڈیکل کونسل منتقل ہوچکے ہیں۔ سرکاری وکیل کا کہنا ہے کہ کونسل کیلئے کام میں کمی کے باعث حکومت نے یہ فیصلہ کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نامزد ارکان کی تعداد کو برقرار رکھنے کے حق میں ہے۔ ر