تلنگانہ میںآر ٹی اے کی کارکردگی بہتر بنانا ناگزیر

   

اسمارٹ کارڈز کی عدم دستیابی و نمبر پلیٹس کی تیاری میں تاخیر
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں آرٹی اے کی کارکردگی کو بہتر بنانے اقدامات ناگزیر ہیں کیونکہ ریاست میں اسمارٹ کارڈس اور نمبر پلیٹس کی تیاری میں کوتاہی کے سبب کئی لوگ بغیر لائسنس گاڑی چلانے کے علاوہ نمبر پلیٹ حاصل کرنے میں دشواریوں کا سامنا کررہے ہیں۔تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ اتھاریٹی کی جانب سے نمبر پلیٹ کی اجرائی کے فیصلہ کے بعد سے یہ مسئلہ درپیش ہے لیکن اس کے حل کیلئے کوشش نہیں کی گئی ۔ علاوہ ازیں آرٹی اے دفاتر میں اسمارٹ کارڈس کی عدم موجودگی سے لائسنس کی اجرائی میں تاخیر ہونے لگی ہے ۔ دونوں شہروں میں آر ٹی اے دفاتر میں شہریوں کو نمبر پلیٹ کے علاوہ لائسنس کے حصول میں دشواریوں کا سامنا ہے ۔ آر ٹی اے حکام کا کہناہے کہ لاک ڈاؤن کے سبب جو درخواستیں حل طلب تھی ان کا بوجھ محکمہ پر زیادہ ہوچکا ہے اور اضافی بوجھ سے نمٹنے کے دوران یہ شکایات مل ہورہی ہیں کہ اسمارٹ کارڈ کی قلت سے لائسنس جاری نہیں کئے جا رہے ہیں اور نمبر پلیٹ کی تیاری میں تاخیر ہورہی ہے ۔ شہر میں نئی گاڑیوں کے رجسٹریشن کے بعد 6ماہ سے زائد عرصہ گذرنے کے باوجود نمبر پلیٹ جاری نہ کرنے کے علاوہ لائسنس کی اجرائی کیلئے دو تا تین ماہ کا وقت لگ رہا ہے۔ حکام نے ان شکایات کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ اسمارٹ کارڈ پر لائسنس اور رجسٹریشن سرٹیفیکیٹ جاری کئے جا رہے ہیں لیکن جن دفاتر میں یہ کارڈ س موجود نہیں ہیں وہاں مشکلات کا سامنا ہے ۔ بعض گاڑیوں کے رجسٹریشن سرٹیفیکیٹ جاری کرنے کے باوجود نمبر پلیٹ کی اجرائی میں تاخیر سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ وہ گاڑیوں پر باہر سے نمبر درج کروانے پر مجبور ہیں اور ایسے نمبر کے اندراج پر چالان کی گنجائش ہے۔