مقامی امیدواروںکو 95 فیصد تحفظات کی گنجائش، پولیس میں تقررات کیلئے علحدہ زونل سسٹم
حیدرآباد: مرکزی حکومت نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے تجویز کردہ نئے زونل سسٹم کو منظوری دے دی ہے ۔ سرکاری محکمہ جات میں تقررات کے سلسلہ میں حکومت نے نیا زونل سسٹم متعارف کیا تھا تاکہ مقامی افراد کو زیادہ مواقع حاصل ہوں۔ مرکز نے نئے زونل سسٹم کی منظوری کے ساتھ گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے تحت تمام ریاستی سطح کے تقررات میں تلنگانہ عوام کو 95 فیصد تحفظات حاصل ہوں گے ۔ سرکاری محکمہ جات میں 50,000 جائیدادوں پر تقررات میں نیا زونل سسٹم مددگار ثابت ہوگا۔ مرکزی وزارت داخلہ نے گزٹ نوٹیفکیشن میں کہا ہے کہ تلنگانہ پبلک ایمپلائیمنٹ ریگولیشن ایکٹ 2018 ء میں ترمیم کی گئی ہے جسے تلنگانہ پبلک ایمپلائیمنٹ ریگولیشن اینڈ رکروٹمنٹ ترمیمی قانون 2021 ء کا نام دیا گیا ہے۔ پولیس کے ماسوا دیگر تمام محکمہ جات میں تقررات کیلئے تلنگانہ کے 33 اضلاع کو 7 مختلف زونس میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ پولیس ڈپارٹمنٹ میں تقررات کیلئے علحدہ 7 زون تشکیل دیئے گئے تاہم ان میں اضلاع مختلف ہیں۔ پولیس ڈپارٹمنٹ کے علاوہ تشکیل دیئے گئے زونس کو ملٹی زون 1 اور ملٹی زون 2 میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ محکمہ پولیس کو دو علحدہ ملٹی زونس میں تقسیم کیا گیا جو تمام پولیس کمشنریٹ اور ضلع پولیس ہیڈکوارٹرس پر مشتمل ہیں۔ نئے زونل سسٹم کے تحت حکومت کو تقررات کی صورت میں مقامی امیدواروں کو زیادہ فائدہ ہوگا۔ نئے سسٹم کے تحت حکومت کو ریاستی سطح پر تبادلوں کا اختیار حاصل رہے گا۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کی منظوری کے بعد مرکز نے گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا ہے ۔ سرکاری محکمہ جات میں 7 زون بنائے گئے ہیں، ان میں کالیشورم ، باسر ، راجنا، بھدرادری ، یادادری ، چارمینار اور جوگو لمبا زونس شامل ہیں۔ کالیشورم زون کے تحت آصف آباد ، منچریال ، پدا پلی ، بھوپال پلی اور ملگ اضلاع کو رکھا گیا ہے ۔ باسر زون میں عادل آباد ، نرمل ، نظام آباد اور جگتیال شامل ہیں۔ راجنا زون کے تحت کریم نگر ، سرسلہ ، سدی پیٹ ، میدک اور کاما ریڈی کو شامل کیا گیا ۔ بھدرادری زون میں کتہ گوڑم ، کھمم ، محبوب آباد ، ورنگل رورل اور ورنگل اربن شامل ہیں۔ یادادری زون کے تحت اضلاع سوریا پیٹ ، نلگنڈہ ، بھونگیر اور جنگاؤں کو شامل کیا گیا ہے ۔ چارمینار زون میں ملکاجگری ، حیدرآباد ، رنگا ریڈی ، سنگا ریڈی اور وقار آباد اضلاع شامل ہیں۔ جوگو لمبا زون میں محبوب نگر ، نارائن پیٹ ، گدوال ، ونپرتی اور ناگر کرنول کو شامل کیا گیا ۔