بی آر ایس کا وجود ختم ، فارم ہاؤز سے کوئی پارٹی نہیں چلائی جاسکتی ، کانگریس سے عوام ناراض
حیدرآباد۔ 28 فروری (سیاست نیوز) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ بی جے پی کا اگلا نشانہ جنوبی ہند ہے جس میں تلنگانہ سرفہرست ہے۔ تلنگانہ ریاست میں آئندہ بی جے پی کی حکومت قائم ہوگی اور بی آر ایس کا وجود ہی تلنگانہ سے ختم ہوجائے گا۔ تملناڈو کے کوئمبتور میں امیت شاہ نے میڈیا سے غیررسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس مکت بھارت کی مہم میں بی جے پی کامیاب ہوئی ہے اور اب ہمارا اگلا نشانہ تلنگانہ اور مغربی بنگال ہوگا جہاں پر حکومت بنانے کیلئے بی جے پی کی جانب سے زمینی سطح پر کام کیا جارہا ہے اور اس کے مثبت نتائج بھی برآمد ہورہے ہیں۔ دن بہ دن عوام کا بی جے پی پر اعتماد بڑھتا جارہا ہے۔ تلنگانہ میں بی جے پی کیلئے راہیں ہموار ہوچکی ہیں۔ کانگریس کی موجودہ حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ بی جے پی ، کانگریس کی متبادل پارٹی بن کر ابھر رہی ہے۔ بی آر ایس کا وجود ہی ختم ہوگیا ہے۔ بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر فارم ہاؤز تک محدود ہوچکے ہیں۔ عوام میں بی آر ایس کے تعلق سے فارم ہاؤز پارٹی کا رجحان پیدا ہوگیا ہے۔ جو پارٹی کا سربراہ فارم ہاؤز سے پارٹی چلاتا ہے، اس پارٹی کا کوئی مستقبل نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس پارٹی سے اتحاد کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ تلنگانہ میں بی جے پی پارٹی تنہا مقابلہ کرے گی، اور اقتدار پر فائز ہوگی۔ کانگریس کی جانب سے بی آر ایس اور بی جے پی میں خفیہ اتحاد ہونے کا لگائے جانے والے الزام پر پوچھے گئے سوال کو امیت شاہ نے مسترد کردیا اور کہا کہ بی آر ایس سے اتحاد کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ کے سی آر نے لوٹ کھسوٹ مچانے کیلئے ایک طرف بیٹے کو چھوڑا ہے تو دوسری جانب بیٹی کو چھوڑا ہے۔ بدعنوانیوں میں بی آر ایس پارٹی پوری طرح ڈوب چکی ہے۔ امیت شاہ نے بی آر ایس کو بدعنوان اور خاندانی پارٹی قرار دیا ہے۔ ایسی امیج رکھنے والی پارٹی سے بی جے پی کبھی اتحاد نہیں کرے گی۔ بی جے پی کی جانب سے بی آر ایس کو خالی کرنے کی ضرورت نہیں ہے، تلنگانہ کے عوام نے ہی بی آر ایس کو خالی کردیا۔ فی الوقت فارم ہاؤز سے وہ پارٹی چل رہی ہے جس کا تلنگانہ میں کوئی مستقبل نہیں ہے۔ بی جے پی متبادل بن کر اُبھر رہی ہے۔ امیت شاہ نے کہا کہ بی جے پی کا اگلا نشانہ جنوبی تلنگانہ اور تملناڈو ہوگا۔ بی جے پی کے چانکیہ کہلائے جانے والے امیت شاہ نے مزید کہا کہ اڈیشہ میں ہماری حکومت بن چکی ہے ، مغربی بنگال میں عنقریب ہماری حکومت بنے گی۔ 2
مرکزی وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ تلنگانہ بی جے پی کے ریاستی صدر کا بہت جلد اعلان کیا جائے گا۔ 2