پارٹی کارکن مایوس نہ ہوں، 136 ویں یوم تاسیس تقریب سے خطاب
حیدرآباد: صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں آئندہ حکومت کانگریس کی ہوگی اور کارکنوں کو حوصلہ شکن ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ مرکز اور ریاست کی حکومتیں عوامی مسائل کی یکسوئی میں ناکام ہوچکی ہیں۔ اتم کمار ریڈی آج گاندھی بھون میں کانگریس کے 136 ویں یوم تاسیس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر کانگریس پارٹی کا پرچم لہرایا گیا اور ملک کے لئے کانگریس اور کانگریس قائدین کی خدمات کی یاد تازہ کی گئی ۔ اتم کمار ریڈی نے مرکز کی بی جے پی اور تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ دولت اور اقتدار کے بیجا استعمال کے ذریعہ دونوں حکومتیں قائم ہیں۔ آنے والا دور کانگریس پارٹی کا ہے ، لہذا کارکنوں کو دلبرداشتہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ملک کو آزادی دلائی اور علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل بھی کانگریس کا کارنامہ ہے۔ کانگریس نے اقتدار کے لئے اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا ۔ ملک میں ایک طاقتور پارٹی کی حیثیت سے کانگریس عوامی خدمات میں مصروف ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ فرقہ وارانہ مسائل اور عوام کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم کرتے ہوئے سیاسی فائدہ حاصل کیا جارہا ہے ۔ بی جے پی کے پاس عوامی مسائل پر مبنی ایجنڈہ نہیں ہے جس کے نتیجہ میں فرقہ پرست ایجنڈہ کو ترجیح دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں پارٹیاں بھاری رقومات کے ذریعہ ووٹ حاصل کر رہی ہیں۔ عوام دونوں سیاسی جماعتوں کے حقیقی چہرہ سے واقف ہوچکے ہیں اور آئندہ انتخابات میں سبق سکھائیں گے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ 136 برسوں میں کانگریس نے جو خدمات انجام دیں اور جو قربانیاں پیش کی گئیں اس کی مثال کوئی بھی پارٹی پیش نہیں کرسکتی ۔ تقریب میں سابق صدر پردیش پونالہ لکشمیا ، سابق وزیر گیتا ریڈی ، ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر ، کسم کمار ، رکن اسمبلی جگا ریڈی ، سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔
