تلنگانہ میں آئندہ دو دن میں شدید بارش کی پیش قیاسی

,

   

حکام کو چوکس رہنے چیف منسٹر کی ہدایت۔ریاست کے کئی اضلاع میں موسلادھار بارش
حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں آئندہ دو دنوں کے دوران شدید بارش کے امکانات کے پیش نظر عوام سے محتاط اور چوکنا رہنے کی اپیل کی ہے۔ اتوار کو ریاست کے مختلف مقامات سے شدید بارش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں کے دوران شدید بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے چیف سکریٹری سومیش کمار کو ریاست بھر میں سرکاری مشنری کو ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ چیف منسٹر نے ضلع کلکٹرس، کمشنران پولیس اور ایس پیز کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو اپنے متعلقہ مقامات پر موجود رہتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لینے اور درکار راحت کاری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ شدید بارش اور سیلاب کی صورتحال کے امکانات کے پیش نظر چیف منسٹر نے عوام سے اپیل کی کہ آئندہ دو دنوں تک چوکس رہیں۔ اسی دوران چیف سکریٹری سومیش کمار نے تمام ضلع کلکٹرس، کمشنران پولیس اور ایس پیز کو متعلقہ اضلاع میں چوکسی کی ہدایت دی۔ انہوں نے شدید بارش کے امکانات کو دیکھتے ہوئے ضلع نظم و نسق کو ہر طرح سے چوکس رہنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال پر بچاؤ و راحت کے کام فوری شروع کئے جائیں۔ چیف سکریٹری کے مطابق محکمہ موسمیات نے عادل آباد، کریم نگر، نظام آباد، ورنگل اور کھمم کے بیشتر علاقوں میں انتہائی موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ ریاست کے نشیبی علاقوں میں سیلاب اور پانی جمع ہوجانے کے امکانات ظاہر کئے گئے ہیں۔ درختوں اور برقی پولس کے گرنے کا اندیشہ ہے جس سے عام زندگی متاثر ہوسکتی ہے۔ ذخائرآب اور تالاب لبریز ہوجائیں گے جس سے نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوسکتا ہے۔ چیف سکریٹری نے ضلع کلکٹرس کو روانہ کردہ پیام میں کہا کہ ٹریفک اور عوام دونوں کو دشواریاں ہوسکتی ہیں۔ کلکٹرس اور ایس پیز سے خواہش کی گئی کہ وہ فلڈ پروٹوکول پر سختی سے عمل کریں۔ چھوٹے بریجس اور کاز ویز پر ٹریفک اور پیدل راہگیروں کے گذرنے کے انتظامات کئے جائیں۔ چیف سکریٹری نے جانی و مالی نقصان روکنے کیلئے ہر ممکن حفاظتی اقدامات کی ہدایت دی ہے۔