وزیراعظم مودی ، امیت شاہ ، جے پی نڈا اور راجناتھ سنگھ و دوسرے قائدین کی شرکت
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ بی جے پی نے لوک سبھا انتخابات کے لیے اپنی تیاریوں میں شدت پیدا کردی ہے ۔ ریاست کے 17 لوک سبھا حلقوں میں 35 فیصد ووٹوں کے تناسب سے 10 حلقوں پر کامیابی حاصل کرنے کا پارٹی نے نشانہ مختص کیا ہے ۔ بی جے پی قومی قیادت تلنگانہ کیلئے خصوصی حکمت عملی تیار کررہی ہے ۔ 17 لوک سبھا حلقوں کو 5 کلسٹرس میں تقسیم کیا گیا ۔ بی جے پی کے سینئیر قائد سابق رکن اسمبلی ایم دھرما راؤ کے علاوہ تلنگانہ بی جے پی کے چار جنرل سکریٹریز کو ان کلسٹرس کا انچارج نامزد کیا گیا ہے ۔ آئندہ ماہ 5 تا 14 فروری ان پانچ کلسٹرس میں بی جے پی رتھ یاترا کا اہتمام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ روزانہ 2 اسمبلی حلقوں کا احاطہ کرکے 10 دن میں تمام لوک سبھا حلقوں میں یاترا منظم کرنے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے ۔ یاترا میں بی جے پی کے قومی قائدین کو مدعو کیا جارہا ہے ۔ بی جے پی کو یقین ہے فروری کے اواخر یا مارچ کے پہلے ہفتہ میں لوک سبھا انتخابات کیلئے انتخابی شیڈول جاری ہوگا ۔ 28 جنوری کو مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ تلنگانہ میں مختلف پروگرامس میں شرکت کرنے دورہ کررہے ہیں ۔ کریم نگر لوک سبھا کلسٹر کے حدود میں پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کریں گے ۔ محبوب نگر لوک سبھا کلسٹر کے حدود میں مینجمنٹ کمیٹی اجلاس سے بھی امیت شاہ خطاب کریں گے ۔ اس کے علاوہ جلسہ عام سے بھی خطاب کریں گے ۔ جنوری کے اواخر یا مارچ کے پہلے ہفتہ میں وزیراعظم مودی تلنگانہ کا دورہ کریں گے ۔ عادل آباد ، نلگنڈہ میں وزیراعظم کے جلسہ کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ بی جے پی صدر جے پی نڈا ‘ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ بھی مارچ میں دورہ کریں گے ۔ 2