مرکز سے منظوری کا انتظار، ضلع میں سنٹرل ٹرائیبل یونیورسٹی کی تجاویز
حیدرآباد ۔18 ڈسمبر ( سیاست نیوز) تلنگانہ ریاست میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ ( آئی آئی ایم) کے قیام کیلئے مزید تین سال درکار ہونے کا قوی امکان ہے کیونکہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے مرکزی حکومت کو پیش کردہ تجاوز پر مرکز سے منظوری کا انتظار ہے ۔یہ بات تلنگانہ اسٹیٹ کونسل آف ہایئر ایجوکیشن ( ٹی ایس سی ایچ ای) کے ذرائع نے بتائی ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ حالیہ دنوں میں ٹی ایس سی ایچ ای نے یونیورسٹی گرانٹس کمیشن ( یو جی سی) کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کرتے ہوئے تلنگانہ ریاست میں آئی آئی ایم اور سنٹرل ٹرائیبل یونیورسٹی قائم کرنے کے تجویز پر غوروخوض کرکے مرکزی حکومت کو تجاویز روانہ کیا لیکن اس پر مرکز سے تاحال جواب نہ آنے سے آئی آئی ایم اور ٹرائیبل یونیورسٹی کے قیام میں مزید تاخیر ہونے کا امکان ہے ۔اس بات کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ مرکز سے منظوری کے بعد ادارہ جات کے قیام کیلئے کم از کم ایک سال یا اس سے زائد عرصہ درکار ہوسکتاہے ۔ ذرائع نے مزید بتایاکہ ان ادارہ جات پر قطعی فیصلہ سال 2020ء میں ممکن نظر آرہا ہے جس کے بعد ادارہ جات کے قیام کیلئے اراضیات کی نشاندہی اور کیمپس کی تعمیرات کیلئے کم از کم تین سال درکار ہوں گے ۔ کونسل کے ذرائع نے مزید بتایا کہ اگر تجاویز کو منظوری ملتیہے تو آئی آئی ایم کا حیدرآباد میں قیام یقینی ہے جبکہ ٹرائیبل یونیورسٹی کا ملگ ضلع میں قیام متوقع ہے کیونکہ ٹرائیبل ویلفیر ڈپارٹمنٹ نے حصول اراضی اور کیمپس کی تعمیرکیلئے 10کروڑ روپئے فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے ۔