تلنگانہ میں آئی ٹی صنعتوں کے قیام کیلئے حکومت کی جانب سے حوصلہ افزائی

   

تلگو این آر آئیز کو رعایتی کرایہ پر جگہ کی فراہمی، مختلف اضلاع میں آئی ٹی ٹاورس کی تعمیر
حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے انفارمیشن ٹکنالوجی سے متعلق اداروں کے قیام کے سلسلہ میں حوصلہ افزائی کی منفرد اسکیم شروع کی ہے جس کے تحت تلگو این آر آئیز کی جانب سے قائم کی جانے والی آئی ٹی کمپنیوں کو کریم نگر ، کھمم ، نظام آباد ، محبوب نگر اور ورنگل میں قائم کئے جانے والے آئی ٹی ٹاورس میں بغیر کسی کرایہ کے جگہ فراہم کی جائے گی ۔ مابعد کورونا صورتحال میں آئی ٹی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا۔ سائبر آباد میں رئیل اسٹیٹ کی شرح میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے آئی ٹی ڈپارٹمنٹ نے صفر کرایہ کی بنیاد پر جگہ فراہم کرنے کی تجویز رکھی ہے۔ تقریباً 50,000 مربع فٹ اراضی پر بڑے شہروں میں آئی ٹی ٹاورس تعمیر کئے جارہے ہیں۔ حیدرآباد میں قائم کردہ کمپنیوں کو یہ سہولت مفت فراہم کی جائے گی۔ جہاں تک این آر آئیز کا سوال ہے ، آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ تین سال قبل سیٹلائیٹ آئی ٹی ٹاؤرس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا تھا جس میں این آر آئیز کو سہولت دی جائے گی۔ عہدیداروں نے اپنے دورہ امریکہ کے موقع پر دیکھا کہ تلگو عوام تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے لئے تیار ہیں۔ عہدیداروں کے مطابق این آر آئیز سے جب حیدرآباد میں اپنے اداروں کے قیام کی خواہش کی گئی تو انہوں نے وسائل کی کمی کی شکایت کی۔ این آر آئیز سے کہا گیا کہ اگر وہ شکاگو ، ڈیلاس اور دیگر شہروں میں 100 نشستوں پر مبنی آئی ٹی کمپنی چلاتے ہیں تو انہیں کم از کم 20 روزگار کے مواقع اپنی آبائی ریاست میں فراہم کرنا چاہئے اور حکومت رعایتی شرحوں پر جگہ فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ حکومت تلنگانہ اکیڈیمی فار اسکل اینڈ نالج کی جانب سے ٹریننگ حاصل کرنے والے طلبہ کو نئی کمپنیوں میں روزگار کے مواقع فراہم کرنا چاہتی ہے۔ تلنگانہ میں آئی ٹی کمپنیوں کے قیام کیلئے حکومت کی جانب سے مختلف رعایتیں فراہم کرنے کی تجویز ہے۔ تلنگانہ حکومت ریاست میں صنعتوں کے قیام کیلئے مختلف اقدامات کررہی ہے اور ریاست میں صنعتوں کے قیام کے خواہشمند افراد کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کررہی ہے جن میں 15 دن میں سنگل ونڈو کے تحت تمام منظوریوں کا حصول بھی شامل ہے۔