حیدرآباد۔/19جون، ( پی ٹی آئی) تلنگانہ کے بعض علاقوں میں جمعرات کو بھی گرمی کی لہر جاری رہے گی جبکہ دیگر چند علاقوں میں 30 تا40 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گرد آلود طوفانی ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ ریاست کے بعض حصوں میں آئندہ دو یا تین دن کے دوران جنوب مغربی مانسون کی مزید پیشرفت کیلئے حالات ساز گار ہورہے ہیں۔ ریاست میں 13 جون کو مانسون کے ٹکرانے کی توقع تھی لیکن طوفان وائیو نے ان توقعات پر پانی پھیر دیا اور مانسون کی آمد تاخیر پذیر ہوگئی اور اب یہ توقع کی جارہی ہے کہ 20 جون تک مانسون تلنگانہ سے ٹکرائے گا۔ محکمہ موسمیات نے توقع ظاہر کی ہے کہ 21 تا23 جون ریاست کے کئی مقامات پر موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے ۔
