تلنگانہ میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

   

حیدرآباد، 26 ستمبر (یو این آئی) ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے تلنگانہ کے بعض علاقوں کیلئے یلو الرٹ جاری کرتے ہوئے 27 ستمبر کو بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ آسمانی بجلی گرنے اور 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی ہے ۔حیدرآباد میں واقع آئی ایم ڈی کے محکمہ موسمیات مرکز کی جانب سے ہفتہ کو جاری موسمی الرٹ کے مطابق 26 ستمبر کو کمرم بھیم آصف آباد، منچریال، پداپلی، جے شنکر بھوپال پلی، مولوگو، بھدرادری کوتہ گوڑم، رنگاریڈی، محبوب نگر، ناگرکرنول، ونپرتی، نارائن پیٹ اور جوگولامبا گدوال اضلاع میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کا امکان ہے ۔ اتوار، 27 ستمبر کیلئے جاری انتباہ میں جے شنکر بھوپال پلی، مولوگو، بھدرادری کوتہ گوڑم، کھمم، نلگنڈہ، سوریہ پیٹ، رنگاریڈی، وکارآباد، محبوب نگر، ناگرکرنول اور ونپرتی اضلاع شامل ہیں۔ آئی ایم ڈی نے لوگوں کو گرج چمک اور آسمانی بجلی کے دوران احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے ۔ شہریوں کو مستقل تعمیر شدہ عمارتوں کے اندر پناہ لینے اور درختوں، بالخصوص کھلے مقامات پر موجود اکیلے درختوں کے نیچے کھڑے ہونے سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے کیونکہ درخت بجلی کو اپنی طرف کھینچ سکتے ہیں۔