تلنگانہ میں اسکولوں و جونیر کالجس کو 27 اپریل تا 31 مئی تعطیلات

   

کورونا میں اضافہ پر فیصلہ، چیف منسٹر کا جائزہ اجلاس،آن لائن کلاسیس پر عنقریب فیصلہ
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں کورونا کیسوں میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے حکومت نے اسکولوں و جونیر کالجس کیلئے تعطیلات کا اعلان کردیا ہے ۔ 27 اپریل تا 31 مئی اسکولس اور کالجس بند رہیں گے اور 26 اپریل کام کا آخری دن رہے گا۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے آج صبح چیف سکریٹری سومیش کمار اور محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کے ساتھ ریاست میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا اور طلبہ کے تحفظ کے پیش نظر 27 اپریل سے گرمائی تعطیلات کا فیصلہ کیا گیا۔ چیف منسٹر نے وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ حکومت کے احکامات پر سختی سے عمل کو یقینی بنائیں اور کسی اسکول یا کالج کی جانب سے خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کی جائے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کی زندگی کا تحفظ ہے اور طلبہ کو کورونا کے قہر سے بچانا موجودہ حالات میں اہم ضرورت ہے۔ وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے اجلاس کے بعد تعطیلات کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا کیسوں میں اضافہ کے پیش نظر پہلے ہی ایس ایس سی امتحانات کو منسوخ کرکے 521392 طلبہ کو کامیاب کردیا ۔ اسی طرح پہلی تا نویں جماعت کے 53 لاکھ 79 ہزار 388 طلبہ کو امتحانات کے بغیر اگلی جماعتوں میں پرموٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ اسکولوں اور جونیر کالجس کی دوبارہ کشادگی پر حکومت یکم جون کو فیصلہ کرے گی۔ ریاست میں کورونا کی صورتحال ملحوظ رکھتے ہوئے اسکولس اور کالجس کی کشادگی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اسی دوران ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن اور سکریٹری تلنگانہ بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن سید عمر جلیل نے اسکولس اور جونیر کالجس کے تعطیلات کے سلسلہ میں دو علحدہ احکامات جاری کئے ہیں۔ اسکول ایجوکیشن کے ریجنل جوائنٹ ڈائرکٹرس حیدرآباد اور ورنگل کے علاوہ تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسرس کو تعطیلات پر عمل آوری کی ہدایت دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ احکامات کا اطلاق تمام سرکاری و خانگی اسکولس اور کالجس پر ہوگا۔ عمر جلیل کے مطابق آن لائن کلاسیس کی 30 اپریل تک اجازت دی گئی لہذا اس کی برقراری کے بارے میں اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ تعلیم سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائیگا۔ ریاست کے تمام 752 جونیر کالجس جن میں اقامتی جونیر کالجس بھی شامل ہیں احکامات کے تابع رہیں گے۔ اقامتی اسکولوں پر بھی حکومت کے احکامات کا اطلاق ہوگا۔ واضح رہے کہ ریاست میں اسکولس اور جونیر کالجس پہلے ہی سے بند ہیں اور حکومت نے ٹیچرس اور جونیر لیکچررس کیلئے تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔