یونیورسٹیوں کو طلبہ میں تعلیمی، سماجی ذمہ داری کو فروغ دینے کا مشورہ، وائس چانسلرس کانفرنس سے خطاب
حیدرآباد 3 اکٹوبر (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ ٹی سندرا راجن نے کہاکہ تلنگانہ میں اعلیٰ تعلیمی نظام قابل ستائش ہے۔ توقع ہے کہ تلنگانہ ریاست تعلیمی شعبہ میں ایک لیڈر کی حیثیت سے اُبھرے گی۔ گورنر آج یہاں وائس چانسلرس آف تلنگانہ اسٹیٹ یونیورسٹیز کی کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں۔ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی میں منعقدہ اس کانفرنس میں یونیورسٹیوں کے تمام وائس چانسلرس اور رجسٹرارس نے شرکت کی۔ گورنر نے یونیورسٹیوں کو مشورہ دیا کہ وہ طلبہ کے اندر تعلیمی، سماجی ذمہ داری کے تصور کو فروغ دیں۔ طلبہ کے اندر تعلیم کے حصول کی دلچسپی پیدا کرنا اور خوشگوار طریقہ سے تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب دی جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ یونیورسٹیوں کو چاہئے کہ وہ طلبہ کی صحت پر بھی دھیان دیں۔ ان کا ہیلت پروفائیل تیار رکھیں۔ ریسرچ اور ڈیولپمنٹ سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کریں۔ اُنھوں نے احساس ظاہر کیاکہ تعلیمی سماجی ذمہ داری کو روبہ عمل لانے پر ہی ایک تعلیم یافتہ سماج کو یقینی بنایا جاسکے گا۔ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی اسکیمات پر مؤثر عمل آوری کے لئے بھی سخت نگرانی کی ضرورت ہے۔ کانفرنس کا آغاز پروفیسر ٹی پاپی ریڈی چیرمین ٹی ایس سی ایچ ای کے افتتاحی خطاب سے ہوا۔ انھوں نے اعلیٰ تعلیم کا مجموعی جائزہ لیا۔ ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی سکریٹری ایجوکیشن نے ریاست میں تعلیم کے مواقع پر روشنی ڈالی۔ گورنر نے یونیورسٹی کیمپس کو فروغ دینے، خواتین کی تعلیم، سماجی سرگرمیوں میں اضافہ اور مواضعات کو اختیار کرنے جیسے موضوعات پر بھی زور دیا۔ اُنھوں نے روزگار پر مبنی کورسیس کو شروع کرنے کی ضرورت ظاہر کی اور کہاکہ طلبہ کے لئے درس و تدریس کے ساتھ ہنر سیکھنے کے عمل کو بھی فروغ دیا جانا چاہئے اور تعلیم حاصل کرنے کے دوران طلبہ پر ذہنی دباؤ نہیں ہونا چاہئے۔ طلبہ کے ذہنی دباؤ کو دور کرنے کے لئے معیاری رہنمایانہ خطوط، کونسلنگ اور ان پر نگرانی کی ضرورت ہے۔ ٹی ایس سی ایچ ای کے وائس چانسلر وی وینکٹ رمنا نے تعلیمی سرگرمیوں کی تفصیلات پیش کیں۔ تمام یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرس نے اپنے اداروں کی جانب سے شروع کردہ مختلف تعلیمی سرگرمیوں کا بھی ذکر کیا۔ کانفرنس سے پرنسپل سکریٹری اروند کمار، پروفیسر اے گوردھن جے این ٹی یو، سی پارتھا سارتھی پرنسپل سکریٹری حکومت، وی انیل کمار کمشنر اسٹیٹ ٹیکس ڈپارٹمنٹ، وائس چانسلر تلنگانہ یونیورسٹی سندیپ کمار سلطانیہ سکریٹری برائے حکومت فینانس ڈپارٹمنٹ، ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی سکریٹری محکمہ تعلیم، ٹی چرنجیلو کمشنر انسپکٹر جنرل رجسٹریشن اینڈ اسٹامپ ڈپارٹمنٹ، راہول بوجا کمشنر اگریکلچر ڈپارٹمنٹ، کے اشوک وائس چانسلر بسر ، ڈاکٹر وی پروین راؤ، پروفیسر این کویتا دریانی راؤ نے بھی خطاب کیا۔گورنر نے وائس چانسلر کو تقن دیا کہ اِس اجلاس میں جن مسائل پر غور و خوض کیا گیا ہے اُنھیں حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔