کے مرلیدھرن صدرنشین، بابا صدیقی اور جگنیش میوانی ارکان
حیدرآباد۔/3 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان نے تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات کی تیاریوں میں شدت پیدا کرتے ہوئے امیدواروں کے انتخاب کیلئے اسکریننگ کمیٹی تشکیل دی ہے۔ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے نے 4 ریاستوں تلنگانہ، چھتیس گڑھ ، راجستھان اور مدھیہ پردیش کیلئے اسکریننگ کمیٹیوں کا اعلان کیا جو اسمبلی انتخابات کیلئے پارٹی امیدواروں کا سلیکشن کرے گی۔ تلنگانہ کیلئے اسکریننگ کمیٹی کے صدرنشین کے طور پر کے مرلیدھرن کو مقرر کیا گیا جبکہ ارکان کے طور پر بابا صدیقی اور جگنیش میوانی کو شامل کیا گیا۔ بہ اعتبار عہدہ ارکان کے طور پر صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ مانک راؤ ٹھاکرے، رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی اور اے آئی سی سی کے انچارج سکریٹریز منصور علی خان، روہت چودھری اور وشواناتھم کو شامل کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے پہلے مرحلہ میں ہر اسمبلی حلقہ کیلئے موزوں امیدواروں کی سفارش کے بعد سلیکشن کمیٹی ناموں کو قطعیت دے گی۔ سلیکشن کمیٹی کی سفارشات کو صدر کانگریس ملکارجن کھرگے اور سابق صدر کانگریس راہول گاندھی منظوری دیں گے۔ واضح رہے کہ کانگریس پارٹی جاریہ ماہ کے اواخر میں امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کرنے کا فیصلہ کرچکی ہے۔ پہلے مرحلہ میں تقریباً 80 امیدواروں کا اعلان کیا جاسکتا ہے جن کے بارے میں اتفاق رائے ہو۔ ذرائع نے بتایا کہ گذشتہ انتخابات میں امیدواروں کی فہرست کی اجرائی میں تاخیر کے سبب کانگریس کو نقصان ہوا تھا لہذا اس مرتبہ الیکشن نوٹیفکیشن سے قبل ہی نصف سے زائد امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ 50 امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دی جاچکی ہے۔
