تلنگانہ میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی کارروائیوں میں شدت

   

رئیل اسٹیٹ کمپنیاں اور لین دین پر خصوصی توجہہ ، ساہنی کنسٹرکشن کیخلاف کارروائی
حیدرآباد ۔ 9 نومبر ۔ ( سیاست نیوز ) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے ریاست تلنگانہ میں جاری اپنی کارروائیوں میں شدت پیدا کردی ہے اور اب رئیل اسٹیٹ کمپنیوں اور ان کی سرگرمیوں کے علاوہ لین دین پر بھی خصوصی توجہہ مرکوز کی جارہی ہے۔ ای ڈی نے گزشتہ روز ایک معروف رئیل اسٹیٹ کمپنی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ اس کمپنی پر گراہکوں سے دھوکہ دہی اور کروڑہا روپئے کے سرمایہ کاری کے غلط استعمال کا الزام پایا جاتا ہے ۔ ای ڈی نے ساہنی کنٹراکٹس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ اس کمپنی کے ایم ڈی لکشمی نارائنا کے خلاف اگسٹ میں ایک مقدمہ سنٹرل کرائم اسٹیشن کی جانب سے درج کیا گیا تھا۔ کمپنی پر الزام ہے کہ کمپنی نے اپنے نئے پراجکٹ کا آغاز کیا اور بڑے پیمانے پر تشہیر کرتے ہوئے پری لانچ اسکیم میں گراہکوں سے کروڑہا روپئے کی رقم کو وصول کرلیا اور اُنھیں دھوکہ دیا ۔ ساہنی کنسٹرکشن نے پری لانچ اسکیم کے تحت تقریباً (1500) گراہکوں سے (400) کروڑ روپئے حاصل کئے اور اُنھیں فلائیٹس نہیں دیئے گئے ، گراہکوں سے رقم حاصل کرنے کے بعد اس رقم کا بیجا استعمال کیا گیا اور قبل از وقت سرمایہ کئے ہوئے عوام کو دھوکہ دیا گیا ۔ سی سی ایس پولیس کی جانب سے درج کردہ مقدمہ اور تازہ شکایتوں کا جائزہ لینے کے بعد انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ساہنی کنسٹرکشن کو اپنی تحقیقات کے دائرے میں لے لیا اور اس کمپنی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ کمپنی کی جانب سے مشتبہ طورپر دوسری کمپنیوں کو رقمی تبادلہ عمل میں لایا گیا جبکہ فلائیٹس کے نام پر قم وصول کی گئی ۔ کمپنی نے گراہکوں کو راغب کرنے کیلئے پہلے پری لانچ اسکیم کو رائج کیا اور کم قیمت پر فلائیٹس کی بکنگ کی پیشکش کرتے ہوئے گراہکوں سے رقم حاصل کی ۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ساہنی کنسٹرکشن کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات کو حاصل کرنا شروع کردیا ہے اور اس کمپنی کے دیگر کاروباری سرگرمیوں اور سابق کس طرح کے واقعات اور دھوکہ دہی کا شکار عوام سے بھی رجوع ہونے کے اقدامات کو انجام دے رہی ہے ۔ ع