تلنگانہ میں آر ٹی سی بس خدمات کو دوبارہ روک دیئے جانے کا امکان

   

Ferty9 Clinic

کورونا وائرس کے خوف سے مسافرین کی تعداد کم، کارپوریشن کو مزید خسارہ سے بچانے پر توجہ

حیدرآباد۔14جون(سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی جانب سے شروع کی گئی بس خدمات کو دوبارہ روک دیا جائے گا!ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق شہر کے سواء ریاست کے تمام اضلاع اور پڑوسی ریاستوں کی بس خدمات کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن اب اس فیصلہ پر عمل آوری کو روک دیئے جانے کے ریاستی حکومت کی جانب سے پڑوسی ریاستوں کیلئے شروع کی جانے والی بس خدمات کو دوبارہ التواء میں رکھنے کے متعلق منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ ریاست تلنگانہ کے اضلاع کے لئے چلائی جانے والی بسوں کے متعلق بھی جلد فیصلہ کیا جائے گا کیونکہ کورونا وائرس رہنمایانہ خطوط اور سماجی فیصلہ پر عمل آوری کے ساتھ بس خدمات جاری رکھنے کی صورت میں ٹی ایس آر ٹی سی کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور نقصان کی پابجائی کے لئے کوئی ذرائع موجو د نہیں ہیں۔مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے پیش نظر ریاستی حکومت نے بس خدمات کی بحالی کا فیصلہ کیا تھا اور تلنگانہ سے پڑوسی ریاستوں کو چلائی جانے والی بسوں کو بحال کرنے کے سلسلہ میں جلد فیصلہ کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی لیکن ریاست تلنگانہ میں روزانہ کے اساس پر کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ نے حکومت کو تشویش میں مبتلاء کردیا ہے اور اس پر غور کیا جانے لگا ہے کہ اضلاع کے لئے چلائی جانے والی بس خدمات کو فوری طور پر روک دیا جائے کیونکہ ٹی ایس آر ٹی سی کی جانب سے اضلاع کیلئے بسیں چلائی جا رہی ہیں اور لوگ اضلاع سے شہر حیدرآباد پہنچ رہے ہیں لیکن شہر اور اضلاع کے درمیان چلائی جانے والی بسوں میں سماجی فاصلہ کے ساتھ مسافرین کی تعداد کو کم کئے جانے کے علاوہ کورونا وائرس کے خوف سے مسافرین کی تعداد میں ریکارڈ کی جانے والی کمی سے آرٹی سی کو نقصان کا بھی سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ حکومت تلنگانہ نے پڑوسی ریاستوں کرناٹک‘ آندھراپردیش ‘ مہاراشٹراکے علاوہ اوڈیشہ کی حکومتوں سے بات چیت اور مسافرین کی آمد و رفت کے سلسلہ میں احتیاطی اقدامات کو قطعیت دینے کے بعد ہی بس خدمات کی بحالی کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آرٹی سی حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ بین ریاستی بس خدمات کی بحالی کے سلسلہ میں کوئی فیصلہ نہ کریں اور نہ ہی خدمات کے احیاء کے سلسلہ میں احکامات کی اجرائی میں عجلت کا مظاہرہ کریں کیونکہ ریاستی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی تعداد کو کم کرنے کے علاوہ کارپوریشن کو نقصان سے بچانے کے اقدامات کو یقینی بنانے کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔