تلنگانہ میں ایک دن میں کورونا کے 75 نئے مریض‘ جملہ تعداد 229

,

   

دو مریضوں کی موت ۔ جملہ مہلوکین کی تعداد 11 ہوگئی ۔ صحتیابی کے بعد 32 افراد کو گھر بھیج دیا گیا

حیدرآباد 3اپریل(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد229تک پہنچ چکی ہے جن میں 11 کی موت واقع ہوگئی اور 32افراد کو بعد علاج مکمل صحت یابی پر ڈسچارج کردیا گیاہے۔ تلنگانہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ جمعہ کو ایک دن میں 75مثبت مریض پائے گئے اور اب شہر کے مختلف دواخانو ںمیں 186 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض زیر علاج ہیں۔ حکومت کے جاری کردہ اعداد و شمار میں فراہم کی گئی تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ تاحال تلنگانہ ریاست میں کورونا وائرس کے متاثرہ مریضوں کے 229 نمونے مثبت پائے گئے ہیں۔ گذشتہ تین یوم سے ریاست تلنگانہ میں مریضوں کی تعداد میں تیز رفتاری سے اضافہ ہوتا جا رہاہے اور حکومت کی جانب سے اس بات کا جائزہ لیا جا رہاہے کہ ریاست میں کس حد تک معاشرتی پھیلاؤ یا کمیونٹی ٹرانسمیشن ہو رہا ہے۔ ریاست میں آج نئے 75 مثبت مریضوں کے ساتھ کی تصدیق کے ساتھ حکومت نے 2 اموات کی بھی تصدیق کی ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس پر قابو کیلئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت نے ضلع واری اساس پر نوڈل آفیسر کے ذریعہ مشتبہ افراد کے معائنوں کا سلسلہ تیز کرنے کی کی ہدایات جاری کی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق دہلی کا سفر کرنے والوں کے افراد خاندان کے معائنہ کئے جار ہے ہیں ۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ آج جو دو اموات ہوئی ہیں ان میں شادنگر سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کے علاوہ سکندرآباد کے ساکن ایک شخص بھی شامل ہیں۔ ریاست میں ہزاروں کی تعداد میں مشتبہ مریضوں کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے اور ان میں علامات کی صورت میں معائنہ کے عمل کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے 75 نئے مصدقہ معاملوں پر پریس نوٹ جاری کرنے پر اکتفاء کیا گیا ہے جبکہ ریاستی وزیر صحت مسلسل صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں اور اعلی عہدیداروں سے رابطہ کرتے ہوئے قرنطینہ کئے گئے شہریوں کی صحت اور ان کے معائنوں کے متعلق تفصیلات حاصل کر نے میں مصروف ہیں۔ کورونا وائرس کی تلنگانہ میں نشاندہی کے بعد پہلی مرتبہ اتنی بڑی تعداد میں مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔اس سے قبل ایک دن میں اتنے کیس سامنے نہیںآئے تھے ۔