تلنگانہ میں ایک کروڑ ووٹر شناختی کارڈ آدھار سے مربوط: وکاس راج

   

9 نومبر تک مہم جاری رہے گی، جنوری میں قطعی فہرست رائے دہندگان کی اجرائی
حیدرآباد ۔16 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے ووٹر شناختی کارڈ کو آدھار سے مربوط کرنے کی مہم کے سلسلہ میں کمشنر جی ایچ ایم سی اور رنگا ریڈی ، میڑچل اور حیدرآباد کے ضلع کلکٹرس کے علاوہ الیکشن آفیسرس کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جس میں آدھار سے مربوط کرنے کی مہم اور فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کے سلسلہ میں ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں ابھی تک ایک کروڑ رائے دہندوں میں ووٹر شناختی کارڈ کو آدھار سے مربوط کرلیا ہے۔ یکم اگست سے اس مہم کا آغاز ہوا تھا اور اس مدت میں ایک کروڑ افراد کا استفادہ کرنا حوصلہ افزاء ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلف ہیلپ گروپس نے اہم رول ادا کیا اور ان کے ذریعہ 40 لاکھ رائے دہندوں کے شناختی کارڈس کو آدھار سے مربوط کیا گیا۔ وکاس راج کے مطابق فہرست رائے دہندگان کے مسودہ کو عوام کے مشاہدہ کیلئے 9 نومبر کو پیش کیا جائے گا جبکہ 5 جنوری 2023 ء کو قطعی فہرست رائے دہندگان جاری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 119 اسمبلی حلقوں میں ووٹر شناختی کارڈس کو آدھار سے مربوط کرنے کی مہم جاری ہے اور یہ کام رائے دہندوں کیلئے رضاکارانہ طور پر ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ آدھار سے مربوط کرنا رائے دہندوں کو اختیاری عمل قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کمشنر گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور حیدرآباد ، رنگا ریڈی و میڑچل کے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ اس مہم میں تیزی پیدا کریں اور تمام تر سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وکاس راج نے سیلف ہیلپ گروپس کو مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ آدھار کی تفصیلات پیش کرنا عوام کا اختیار ہے ۔ ضلع کلکٹرس سے کہا گیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آدھار کی تفصیلات دوسروں تک نہ پہنچیں اور ان کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ آدھار سے مربوط کرنے کی مہم 9 نومبر تک جاری رہے گی۔ ر