تلنگانہ کے کئی اضلاع میں شدید بارش نے اپنا قہر ڈھایا ہوا ہے ۔ کئی اضلاع شدید بارش کی زد میں ہیں اور ان کی وجہ سے عام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئی ہے ۔ کئی مقامات پر سڑکیں جھیلوں اور تالابوں کا منظر پیش کر رہی ہیں اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ میدک ‘ کاما ریڈی ‘ سرسلہ اور دیگر کئی اضلاع ایسے ہیں جہاں بارش نے تباہ کاریاں مچادی ہیں۔ بارش کے نتیجہ میں کچھ مقامات پر سڑکیں بہہ گئی ہیں تو کچھ مقامات پر شاہراہ بند کردی گئی ہے ۔ کچھ اضلاع میں رہائشی کالونیوں اور مکانات میں پانی داخل ہوگیا ہے ۔ عوام کی آمد و رفت متاثر ہوگئی ہے ۔ لوک اپنے اپنے گھروں میں پانی میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ اضلاع میں اندرونی سڑکیں بھی پانی میں بہہ گئی ہیں اور مقامی سطح پر بھی عوامی حمل و نقل متاثر ہوگئی ہے۔ تجارتی و تعلیمی اور ہر طرح کی سرگرمیاں متاثر ہو کر رہ گئی ہیں اور عوام لگاتار خوف اور بے چینی کے عالم میں زندگی گذار رہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے تمام سرکاری محکمہ جات کو چوکسی اختیار کرنے اور عوام کی ہر ممکن مدد اور راحت رسانی کی ہدایت بھی جاری کردی گئی ہے ۔ ریاست میں مختلف مقامات پر ذخائر آب کی سطح میں بھی لگاتار اضافہ درج کیا جا رہا ہے ۔ کئی ذخائر آب مکمل سطح تک لبریز ہوگئے ہیں تو کئی کی سطح آب لگاتار بڑھتی جا رہی ہے جس کے نتیجہ میں سیلاب کے اندیشے پیدا ہوگئے ہیں۔ کچھ مقامات پر ہیلی کاپٹرس کی مدد سے بھی عوام کو غذائی اجناس فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے تو کچھ مقامات پر تعلیمی اداروں کو تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ ریاست کے بیشتر اضلاع میں بارش کی یہی صورتحال ہے ۔ انتہائی شدید اور طوفانی بارش لگاتار کئی گھنٹوں تک جاری رہنے سے صورتحال قابو سے باہر ہو رہی ہے ۔ چند گھنٹوں میں کئی سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی جا رہی ہے جس سے مقامی صورتحال کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے ۔ ان تمام متاثرہ اضلاع میں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور نشیبی علاقوں میں خاص طور پر عوام پریشان حال ہیں اور ان کے مکانات وغیرہ میں پانی داخل ہوگیا ہے ۔ انہیں فوری طور پر راحت اور امداد رسانی کی ضرورت ہے۔
انتہائی مشکل صورتحال میں حکومت کی جانب سے تمام محکمہ جات کو فوری حرکت میں آنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے ۔ تمام متعلقہ محکمہ جات اور سرکاری عملہ کو اس صورتحال میں عوام کو مشکلات اورپریشانیوں سے بچانے تیز رفتار اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ نشیبی علاقوں میں خاص طور پر توجہ دی جانی چاہئے۔ وہاں سے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے جنگی خطوط پر اقدامات کئے جانے چاہئیں ۔ حکومت فراخدلی سے فنڈز فراہم کرنے تیار ہے ۔ ایسے میں سرکاری محکمہ جات اور ذمہ دار عہدیداروں کو بھی لگاتار مستعدی سے کام کرتے ہوئے عوام کو راحت پہونچانے پر توجہ کی ضرورت ہے ۔ جن مقامات پر عوام پانی میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں انہیں باہر نکالنے اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ نشیبی علاقوں کے عوام کا محفوظ مقامات کو تخلیہ کیا جانا چاہئے ۔ ضرورت مند افراد تک غذا فراہم کرنے پر توجہ دی جانی چاہئے ۔ ریاست کے مابقی حصوں سے جن مقامات کے رابطے منقطع ہوگئے ہیں انہیں بحال کرنے پر خصوصی توجہ دی جانی چاہئے ۔ پانی کی محفوظ نکاسی کے اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ رہائشی علاقوں کی صورتحال پر خاص توجہ دی جانی چاہئے ۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے منظم انداز میں مہم شروع کی جانی چاہئے اور جانی و مالی نقصانات کو کم سے کم کرنے کے اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ فوری طور پر عوم کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے پر توجہ دی جانی چاہئے اور انہیں مشکل صورتحال سے باہر نکالا جانا چاہئے۔
جو پٹریاں بہہ گئی ہیں ان کو بحال کیا جانا چاہئے ۔ جو شاہراہیں بند ہوگئی ہیں ان کو بحال کرنے اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ پانی جمع ہونے کے جو مستقل مقامات ان کو اس صورتحال سے مستقل نجات دلانے کی منصوبہ بندی کی جانی چاہئے ۔ مستقبل میں ایسی صورتحال سے بچنے کی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے ۔ بنیادی طور پر عوام کسی بھی مشکل صورتحال میں پھنسنے نہ پائیں اس بات کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ عام زندگی کو بحا ل کرنا اولین ترجیح ہونی چاہئے ۔ مشکل صورتحال میںر احت و امدادی کاموں کی انجام دہی میں پوری مستعدی اختیار کی جانی چاہئے اور کسی طرح کی کوتاہی نہیں ہونی چاہئے ۔