تلنگانہ میں بجرنگ دل پر پابندی کی سازش: بنڈی سنجے

   

دلت بندھو اسکیم میں ارکان اسمبلی پر 30 فیصد کمیشن حاصل کرنے کا الزام
حیدرآباد۔18۔مئی (سیاست نیوز) بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر حکومت تلنگانہ میں بجرنگ دل پر پابندی عائد کرنے کی سازش کر رہی ہے۔ بی جے پی او بی سی سیل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بنڈی سنجے نے چیف منسٹر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے ووٹ حاصل کرنے کیلئے بجرنگ دل پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بجرنگ دل پر امتناع عائد کرنے کے معاملہ میں کانگریس اور کے سی آر کے درمیان مسابقت جاری ہے۔ انہوں نے ہندوؤں سے اپیل کی کہ وہ کے سی آر کی سازش کو ناکام بنانے کیلئے متحد ہوجائیں ۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ سیاسی مقصد براری کیلئے پسماندہ طبقات میں بھیڑ بکریاں تقسیم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے چیف منسٹر سے سوال کیا کہ دلت بندھو کی طرح بی سی بندھو اسکیم کے اعلان میں کیا رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہاکہ عنقریب حیدرآباد میں بی سی طبقہ کا جلسہ عام منعقد ہوگا۔ انہوں نے پارٹی کیڈر سے کہا کہ تلنگانہ میں رام راج کے قیام کیلئے پانچ ماہ انتظار کرے۔ کے سی آر کی کابینہ میں صرف 3 وزراء کا تعلق بی سی طبقہ کا ہے جبکہ کے سی آر خاندان کے چار وزراء ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے تلنگانہ کی عظیم شخصیتوں پروفیسر جئے شنکر اور کونڈہ لکشمن باپوجی کی توہین کی ہے۔ کے سی آر نے 1600 کروڑ سے نیا سکریٹریٹ تعمیر کیا لیکن بی سی طبقات کے بھون کی تعمیر آج تک مکمل نہیں ہوئی ۔ انہوں نے دہرایا کہ کرناٹک نتائج کا تلنگانہ میں کوئی اثر نہیں ہوگا۔ دلت بندھو اسکیم میں ارکان اسمبلی اور وزراء 30 فیصد کمیشن حاصل کر رہے ہیں۔ ر