تلنگانہ میں برقی شرح میں اضافہ کا امکان نہیں

   

موجودہ شرح برقرار رکھنے حکومت کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 27 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : ریاست تلنگانہ میں سال 2019-2020 کے دوران برقی شرحوں میں اضافہ ہونے کا امکان نہیں ہے ۔ بلکہ موجودہ برقی شرحوں کو ہی جوں کا توں برقرار رکھتے ہوئے عمل آوری کرنے کا ریاستی حکومت نے فیصلہ کیا ہے ۔ باوثوق سرکاری ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ اس سلسلہ میں اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ توانائی مسٹر اجئے مشرا نے سکریٹری تلنگانہ ریاستی الیکٹرسٹی ریگولیٹری کمیشن کو ایک مکتوب تحریر کرتے ہوئے خفیہ انداز میں حکومت کے مذکورہ فیصلہ سے واقف کروایا اور بتایا کہ برقی شرحوں میں کسی قسم کا اضافہ نہ کرنے چیف منسٹر آفس ( سی ایم پیشی ) سے موصولہ ہدایات ( احکامات ) کی روشنی میں ہی یہ مکتوب تحریر کیا گیا ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ریاست میں فی الوقت پائے جانے والے برقی شرحوں کو جوں کا توں آئندہ ماہ یکم اپریل سے شروع ہونے والے نئے مالیاتی سال سے عمل اوری ہونے کے احکامات بہت جلد تلنگانہ ریاستی الیکٹرسٹی ریگولیٹری کمیشن کی جانب سے جاری کئے جانے کی قوی توقع پائی جاتی ہے ۔ اسی دوران بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ ریاستی الیکٹرسٹی ریگولیٹری کمیشن کے صدر نشین کا عہدہ تقریبا تین ماہ سے مخلوعہ ہے ۔ جب کہ صدر نشین تلنگانہ ریاستی الیکٹرسٹی ریگولیٹری کمیشن مسٹر محمد اسماعیل علی خاں نے اپنی میعاد کی تکمیل پر 9 جنوری 2019 کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہوگئے ۔ علاوہ ازیں مسٹر اسماعیل علی خان کی سبکدوشی سے بہت پہلے ہی تلنگانہ ریاستی الیکٹرسٹی ریگولیٹری کمیشن کے دو ارکان بھی سبکدوش ہوچکے ہیں ۔ اس طرح زائد از دو ماہ سے تلنگانہ ریاستی الیکٹرسٹی ریگولیٹری کمیشن میں سوائے سکریٹری کمیشن کے کوئی اور موجود نہیں ہیں ۔ لہذا نئے صدر نشین اور ارکان تلنگانہ ریاستی الیکٹرسٹی ریگولیٹری کمیشن کا تقرر عمل میں لانے کے لیے ریاستی حکومت فیصلہ کرے گی ۔ اسپیشل چیف سکریٹری ریاستی محکمہ توانائی مسٹر اجئے مشرا کی قیادت میں انتخابی کمیٹی انٹرویوز منعقد کر کے نئے صدر نشین اور ارکان برائے تلنگانہ ریاستی الیکٹرسٹی ریگولیٹری کمیشن کے لیے ناموں کا انتخاب کر کے ریاستی حکومت کو اپنی سفارش پر مبنی ناموں کی فہرست روانہ کرچکی ہے اور سمجھا جاتا ہے کہ ریاستی چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ ریاست میں آئندہ ماہ 11 اپریل کو منعقد ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے فوری بعد مذکورہ کمیشن کے لیے نئے صدر نشین و ارکان کا تقرر کریں گے ۔۔