تلنگانہ میں بریجس اور سڑکوں کی تعمیرکیلئے 2500 کروڑ کی منظوری

   

300 نئے بریجس کی تعمیر کا منصوبہ، بارش سے نقصان زدہ سڑکوں کی تعمیر

حیدرآباد۔یکم؍ مارچ،( سیاست نیوز) تلنگانہ میں ریاستی شاہراہوں کو آبادیوں سے بہتر انداز میں مربوط کرنے کیلئے محکمہ عمارات و شوارع نے300 نئے بریجس کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ گذشتہ دو برسوں کے دوران بارش اور سیلاب کے نتیجہ میں کئی مقامات پر سڑکیں اور کلورٹس کو بری طرح نقصان پہنچا ہے۔ عہدیداروں کی جانب سے اس سلسلہ میں حکومت کو رپورٹ پیش کرتے ہوئے سڑکوں، بریجس اور کلورٹس کی مرمت کیلئے فنڈز کی درخواست کی گئی۔ گذشتہ دو برسوں میں تقریباً 133 بریجس کو سیلاب سے نقصان پہنچا اور 167 ایسے مقامات ہیں جہاں دریاؤں کے پانی کا بہاؤ ہے لیکن بریجس نہیں ہیں۔ عہدیداروں کے مطابق تفصیلی سروے کے بعد حکومت سے خواہش کی گئی کہ جنگی خطوط پر کم از کم 150 بریجس تعمیر کئے جائیں اور یہ کام مانسون کی آمد سے قبل شروع کیا جائے۔ حکام نے 10 تا 50 میٹر بلندی کے بریجس کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے تاکہ شدید بارش کے باوجود بھی پانی بریجس کے نیچے آسانی سے بہہ جائے۔ حکومت نے سڑکوں کی تعمیر اور بریجس کیلئے 2500 کروڑ جاری کئے ہیں۔ محکمہ عمارات و شوارع کی جانب سے ٹنڈر کو قطعیت دی جائے گی۔ منظورہ رقم میں سے 1865 کروڑ سڑکوں کی مرمت اور 635 کروڑ بریجس کی تعمیر پر خرچ کئے جائیں گے۔ کریم نگر، عادل آباد، ورنگل، کھمم، میدک، نلگنڈہ، محبوب نگر، نظام آباد اور رنگاریڈی میں یہ کام انجام دیئے جائیں گے۔ر