حیدرآباد۔19جولائی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں بلدی کارپوریشن کی تعداد 6سے بڑھ کر اب 13ہوجائے گی۔ تلنگانہ میونسپل ایکٹ۔2019 کی منظوری کے بعد حکومت تلنگانہ نے بوڈ اپل‘ پیرزادی گوڑہ ‘ جواہر نگر‘ نظام پیٹ ‘ میر پیٹ اور بندلہ گوڑہ جاگیر کو نئے بلدی کارپوریشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ شہر حیدرآباد کے اطراف کے علاقوں میں موجود ان مضافاتی علاقوں کو بلدی کارپوریشن میں تبدیل کردیئے جانے کے بعد اب ان علاقوں کی تیز رفتار ترقی کا عمل شروع ہونے کا امکان ہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ نے نئے بلدی قانون میں ان نئی بلدیات کو منظوری دینے کا فیصلہ کیا ہے اور ان بلدیاتی کارپوریشنس کے ذریعہ ان علاقوں کی ترقی عمل میں لائی جائے گی۔ میڑچل اور ملکا جگری اضلاع میں 4نئے بلدی کارپوریشن تشکیل دیئے گئے ہیں جن میں بوڈ اپل‘ پیرزادی گوڑہ ‘ جواہرنگر اور نظام پیٹ شامل ہیں جبکہ ضلع رنگاریڈی میں موجود میر پیٹ اور جلیل گوڑہ کو ضم کرتے ہوئے میر پیٹ بلدی کارپوریشن کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح ضلع رنگاریڈی میں بندلہ گوڑہ جاگیر کو بھی ایک بلدی کارپوریشن کا درجہ دیا گیا ہے اور ضلع رنگاریڈی میں ہی موجود بڈنگ پیٹ کو بھی بلدی کارپوریشن بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔چیف منسٹر نے تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں نئے بل پر مباحث کے آغاز کے دوران ان تفصیلات سے ایوان کو واقف کروایا ۔انہوں نے بتایا کہ ریاست کی مجموعی ترقی اور شہر کے تیزی سے وسعت حاصل کرنے کی رفتار کو محسوس کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
