تلنگانہ میں بنڈی سنجے کی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں: کشن ریڈی

   

مہاراشٹرا میں بی آر ایس کو مجلس کی مدد، تلنگانہ میں کانگریس کا مستقبل نہیں
حیدرآباد۔/21 مئی، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی نے واضح کیا کہ تلنگانہ میں بی جے پی صدر کی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ ریاستی صدر کو تبدیل کرنے سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں۔ ہم تمام ایک خاندان کی طرح ہیں اور پارٹی میں سب کچھ ٹھیک ہے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ قومی قائدین سے ریاستی قائدین کی ملاقات میں کوئی خاص بات نہیں اور یہ معمول کی ملاقاتیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہلی شراب اسکام میں بی آر ایس رکن کونسل کویتا کی گرفتاری مرکزی حکومت کے ہاتھ میں نہیں ہے بلکہ یہ سی بی آئی کے دائرہ اختیار میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے ڈپٹی چیف منسٹر کو سی بی آئی نے ثبوت کی موجودگی پر گرفتار کیا تھا۔ کرناٹک کے بی جے پی رکن اسمبلی کو بدعنوانیوں کے الزامات میں جیل بھیج دیا گیا۔ مہاراشٹرا میں بی آر ایس کی سرگرمیوں کو مجلس کی مدد کا الزام عائد کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ مہاراشٹرا میں ایک وارڈ ممبر کی کامیابی کے بغیر ہی بی آر ایس جشن منارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2 ہزار کے کرنسی نوٹ سے دستبرداری کی بدعنوان افراد مخالفت کررہے ہیں۔ نوٹ بندی سے متعلق ہمارے منصوبے ہمارے ساتھ ہیں۔ کرناٹک انتخابی نتائج کا تلنگانہ پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کا کوئی مستقبل نہیں ہے اور بی آر ایس کا متبادل صرف بی جے پی ہے۔ کشن ریڈی نے تلنگانہ میں حالیہ غیر موسمی بارش سے کسانوں کو بھاری نقصان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت فصل بیمہ اسکیم پر عمل آوری سے قاصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کا تحفظ کرنا ریاستی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی ریاستوں میں فصل بیمہ پر عمل کیا جارہا ہے لہذا تلنگانہ میں بھی عمل آوری ہونی چاہیئے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ روزانہ مرکزی حکومت اور وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرنا کے سی آر خاندان کی عادت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کو کسانوں سے ملاقات کیلئے راما گنڈم دورہ کرنے کی فرصت نہیں لیکن وہ ناندیڑ کا دورہ سیاسی اغراض کے تحت کررہے ہیں۔ر