حیدرآباد اور نلگنڈہ کے بی جے پی امیدواروں پر سخت اعتراض انہیں تبدیل کرنے پر زور
حیدرآباد ۔ 23 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں بی جے پی اور آر ایس ایس کے درمیان دوریاں پیدا ہوگئی ہیں۔ آر ایس ایس حلقہ لوک سبھا حیدرآباد سے مادھوی لتا اور حلقہ لوک سبھا نلگنڈہ سے سیدی ریڈی کو بی جے پی کا امیدوار بنانے پر آر ایس ایس ناراض ہے۔ آر ایس ایس قائدین نے تلنگانہ بی جے پی قائدین سے ملاقات کرکے ان دو امیدواروںکے ناموں پر نہ صرف اعتراض بلکہ ناراضگی کا بھی اظہار کیا ہے۔ تلنگانہ بی جے پی قائدین نے آر ایس ایس قائدین کو بتایا کہ یہ ان کا نہیں بلکہ بی جے پی قومی قیادت کا فیصلہ ہے۔ اگر ان دونوں امیدواروں کو تبدیل نہیں کیا گیا تو آر ایس ایس کیڈر ان کیلئے کام نہ کرنے سے بھی واقف کرادیا گیا ہے۔ مادھوی لتا کو بی جے پی نے لوک سبھا حیدرآباد سے امیدوار بنایا ہے مگر اس حلقہ کے حدود میں حلقہ اسمبلی گوشہ محل کی نمائندگی کرنے والے بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ بھی اس سے خوش نہیں ہیں۔ امیدوار کے اعلان کے دو ہفتے ہونے کے باوجود راجہ سنگھ انتخابی مہم میں شامل نہیں ہوئے۔ دوسری طرف ہندوتوا پر یقین کرنے والے دیگر کٹر ہندو قائدین بھی بی جے پی امیدوار اور انتخابی مہم سے دوری بنائے ہوئے ہیں۔ حلقہ لوک سبھا نلگنڈہ سے بی جے پی نے بی آر ایس کے سابق رکن اسمبلی سیدی ریڈی کو امیدوار بنایا ہے ۔ اس پر آر ایس ایس اور مقامی بی جے پی کے قائدین سخت ناراض ہے۔ بی آر ایس حکومت میں بحیثیت بی آر ایس رکن اسمبلی سیدی ریڈی نے بی جے پی کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کئے تھے جس سے آر ایس ایس اور بی جے پی قائدین ناراض ہیں اور دونوں امیدواروں کو تبدیل کرنے کا تلنگانہ بی جے پی پر دباؤ بنارہے ہیں۔2