تلنگانہ میں بی جے پی مستحکم ہونے کوشاں

   


سیاسی جماعتوں کو چوکنا رہنے کا مشورہ ، ایم آئی ایم صدور و معتمدین سے اسد الدین اویسی کا خطاب
حیدرآباد۔11۔اکٹوبر(سیاست نیوز) ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی مستحکم ہونے کی کوشش کر رہی ہے اور اس صورتحال سے ریاست میں پہلے اور دوسرے نمبر پر رہنے کی جدوجہد کرنے والی سیاسی جماعتوں کو چوکنا رہنا چاہئے ۔ صدر مجلس اتحادالمسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسدالدین اویسی نے دارالسلام میں پارٹی کے ضلعی صدور و معتمدین کے علاوہ قائدین سے خطاب کے دوران کہا کہ زعفرانی سیاسی جماعت کو ریاست میں استحکام حاصل کرنے سے روکنے کے لئے وہ سیاسی جماعتیں بھی متحرک ہوں جو سیکولر ازم کی علمبردار ہیں اور تلنگانہ میں اقتدار حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ بیرسٹراسد الدین اویسی نے بالواسطہ طور پر تلنگانہ راشٹر سمیتی اور کانگریس سے کہا کہ وہ اپنی بھی ذمہ داری نبھائیں اور بی جے پی کو روکنے میں اپنی کوششوں کو تیز کریں۔ انہو ںنے بتایا کہ اب جبکہ ووٹر شناختی کارڈ کو آدھار سے مربوط کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ایسے میں مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے تمام ناموں کے فہرست رائے دہندگان میں اندراج کو یقینی بنائیں تاکہ وہ اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں۔ صدر مجلس اتحادالمسلمین نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور زعفرانی تنظیموں کو روکنا صرف مسلمانوں کی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ ان سیاسی جماعتوں کی بھی ذمہ داری ہے جو بی جے پی کے نظریات سے اختلاف رکھتی ہیں۔انہو ںنے کانگریس اور تلنگانہ راشٹر سمیتی کو بھارتیہ جنتا پارٹی کی سازشوں اور حکمت عملی سے چوکنا رہنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ اور ملک میں بی جے پی کو روکنا صرف مسلمانوں کی ذمہ داری نہیں ہے ۔ بیرسٹر اسدالدین اویسی نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں بی جے پی کو مستحکم ہونے سے روکنے کے لئے سیاسی جماعتوں کو حکمت عملی تیار کرتے ہوئے بی جے پی کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت پیدا کرنی چاہئے ۔انہو ںنے بتایا کہ ملک کی کئی ریاستوں میں مجلس بھارتیہ جنتا پارٹی کا مقابلہ کر رہی ہے اور تلنگانہ میں بھی بی جے پی کا مقابلہ کیا جائے گا۔صدرمجلس نے تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں جاری قیاس آرائیوں کے متعلق کہا کہ وہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ انتخابات کب ہوں گے لیکن مجلس ہمیشہ عوام کے درمیان رہنے والی جماعت ہے اسی لئے انتخابات کے لئے ہمیشہ تیار رہتی ہے۔م