اسمبلی میں بی جے پی کی نمائندگی ختم کرنا مقصد، ابھی سے حلقہ جات کے متوقع امیدواروںکو سرگرم کردیا گیا
حیدرآباد۔/16 اپریل، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر اور بی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ میں ہیٹ ٹرک کی تیاریوں کے علاوہ بی جے پی کے تینوں اسمبلی حلقہ جات پر کامیابی کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے۔ باوثق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے اسمبلی انتخابات کیلئے 100 نشستوں پر کامیابی کا نشانہ مقرر کرتے ہوئے انتخابی حکمت عملی طئے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بی جے پی سے قومی اور ریاستی سطح پر کشیدہ صورتحال کے پیش نظر کے سی آر نے تلنگانہ اسمبلی میں بی جے پی کی موجودہ تمام تین نشستوں پر قبضہ کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے تاکہ تلنگانہ بی جے پی کے اثر سے آزاد ہوجائے۔ ذرائع نے بتایا کہ کے سی آر نے گوشہ محل، حضورآباد اور دوباک اسمبلی حلقہ جات پر توجہ مرکوز کی ہے جس کی نمائندگی راجہ سنگھ ، ایٹالہ راجندر اور رگھونندن راؤ کرتے ہیں۔ ضمنی انتخابات میں بی جے پی نے دوباک اور حضورآباد نشستیں بی آر ایس سے چھین لی ہیں جبکہ گوشہ محل میں راجہ سنگھ کو کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ کے سی آر چاہتے ہیں کہ کسی بھی طرح تینوں اسمبلی حلقہ جات پر گلابی پرچم لہرایا جائے۔ تینوں اسمبلی حلقہ جات کیلئے علحدہ ٹیمیں تشکیل دی جارہی ہیں۔ کے سی آر کا کہنا ہے کہ بی جے پی کو اسمبلی میں نمائندگی سے محروم کرنا بنیادی مقصد ہے۔ گوشہ محل کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ اپنی نفرت انگیز اور اشتعال انگیز تقاریر کے ذریعہ حکومت اور پولیس کیلئے درد سر بن چکے ہیں۔ بی جے پی نے انہیں توہین رسالت کے معاملہ میں پارٹی سے معطل کردیا اور آج تک بحالی عمل میں نہیں آئی۔ پولیس نے راجہ سنگھ کو پی ڈی ایکٹ کے تحت جیل بھیج دیا تھا لیکن عدالت نے مشروط طور پر ضمانت منظور کی۔ گوشہ محل پر توجہ مرکوز کرنے کیلئے کے سی آر نے نند کشور ویاس کو انچارج مقرر کیا ہے جو آئندہ اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس کے ٹکٹ پر مقابلہ کرسکتے ہیں۔ 2018 میں پریم سنگھ راتھوڑ بی آر ایس کے امیدوار تھے جنہیں 44 ہزار ووٹ حاصل ہوئے۔ حضورآباد میں ایٹالہ راجندر کو شکست دینے کیلئے رکن کونسل پی کوشک ریڈی کو مقابلہ کیلئے تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ بی آر ایس سے اخراج کے بعد راجندر نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے ضمنی چناؤ میں کامیابی حاصل کی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ کوشک ریڈی کو راجندر کے مقابلہ میں میدان میں اتارا جائے گا۔ دوباک میں رگھونندن راؤ سے مقابلہ کیلئے میدک کے رکن پارلیمنٹ کے پربھاکر ریڈی کو امیدوار بنایا جاسکتا ہے۔ چیف منسٹر نے پربھاکر ریڈی کو دوباک پر توجہ دینے کی ہدایت دی ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ تلنگانہ میں اقتدار کی ہیٹ ٹرک کا خواب دیکھنے والے کے سی آر کو بی جے پی کی تینوں نشستوں پر قبضہ کرنے میں کس حد تک کامیابی ملے گی۔ر
مجسمہ کی نقاب کشائی میں مدعو نہ کرنے پر گورنر کو دُکھ
حیدرآباد۔/16 اپریل، ( سیاست نیوز) گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے 14 اپریل کو امبیڈکر جینتی کے موقع پر مجسمہ امبیڈکر کی نقاب کشائی تقریب میں مدعو نہ کئے جانے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ گورنر نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر نے ویمنس امپاورمنٹ کے بارے میں زیادہ زور دیا تھا لیکن مجسمہ کی نقاب کشائی کے موقع پر خاتون گورنر کو مدعو نہیں کیا گیا جس کا مجھے دُکھ ہے۔ حکومت نے امبیڈکر کا 125 فیٹ بلند مجسمہ ٹینک بنڈ پر نصب کیا ہے۔ تقریب میں چیف منسٹر کے سی آر کے علاوہ امبیڈکر کے پوترے پرکاش امبیڈکر نے شرکت کی تھی۔ ر