تلنگانہ میں بی جے پی کے’ آپریشن آکرش‘ کیلئے سنیل بنسل کا مشورہ

   

منوگوڑ کی کامیابی کیلئے پارٹی قائدین سے مشاورت۔ 7 اکٹوبر کو بائیک ریلی کے انعقاد کا فیصلہ
حیدرآباد۔/2اکٹوبر، ( سیاست نیوز) بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری سنیل بنسل نے پارٹی قائدین کو تلنگانہ میں آپریشن آکرش کی رفتار تیز کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ دیگر پارٹیوں سے اہم قائدین کو پارٹی میں شامل کرنے کی مساعی کی جائے۔ سنیل بنسل جو مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے قریبی و بااعتماد سمجھے جاتے ہیں انہیں منوگوڑ ضمنی چناؤ کے پیش نظر حیدرآباد بھیجا گیا ہے انہوں نے پارٹی کی کور کمیٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے منوگوڑ ضمنی چناؤ کے علاوہ حیدرآباد، رنگاریڈی، محبوب نگر ٹیچرس ایم ایل سی نشست کے الیکشن کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے درمیان بی جے پی پر بھروسہ سے متعلق مہم کو تیز کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے سنیل بنسل نے کہا کہ متحدہ مساعی کے ذریعہ منوگوڑ میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ مرکزی حکومت کی اسکیمات کو عوام تک پہنچایا جائے اور ٹی آر ایس حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عنقریب منوگوڑ کیلئے بنائی گئی الیکشن مینجمنٹ کمیٹی کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ 7 اکٹوبر کو منوگوڑ اسمبلی حلقہ کے تمام مواضعات میں بی جے پی بائیک ریالیوں کا اہتمام کرے گی اور سابق رکن پارلیمنٹ ویویک وینکٹ سوامی ان پروگراموں کے انچارج ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 189 گاؤں میں بائیک ریالیاں منظم کی جائیں گی جس میں اسٹیرنگ کمیٹی کے ارکان منڈلوں کے انچارج اور اہم قائدین شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ منوگوڑ میں ٹی آر ایس کی جانب سے فرضی ووٹرس کے نام شامل کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کو یہ اطلاع ہے کہ فہرست رائے دہندگان میں جملہ 23 ہزار فرضی ووٹ شامل کئے گئے ہیں۔ فہرست سے ان ناموں کو خارج کروانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ بی جے پی کے تلنگانہ انچارج ترون چگ اور ریاستی صدر بنڈی سنجے 10 اکٹوبر کو منوگوڑ حلقہ کا دورہ بھی کریں گے تاکہ زمینی صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے ۔ر