مسلم تحفظات میں اضافہ کی کوشش کا الزام ، مرکزی مملکتی وزیر کا کانگریس کے دھرنے کا ردعمل
حیدرآباد۔6۔ اگسٹ۔(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کے بی سی تحفظات میں اضافہ کی جدوجہد کو مرکزی مملکتی وزیر بنڈی سنجے نے مذہبی رنگ دیتے ہوئے اسے مسلم تحفظات میں اضافہ کی کوشش قرار دیا او رکہا کہ دہلی میں کانگریس پارٹی بی سی طبقات کے لئے نہیں بلکہ تلنگانہ میں مسلمانوں کو حاصل تحفظات میں اضافہ کے لئے ’جنتر منتر‘ پر دھرنا منظم کررہی ہے۔ بنڈی سنجے نے بی تحفظات میں اضافہ کے لئے کانگریس کی کوششوں کو مذہبی رنگ دیتے ہوئے اسے مسلم تحفظات کے لئے کی جانے والی جدوجہد قرار دیتے ہوئے یہ دعویٰ کیا کہ ریاست تلنگانہ میں بی سی تحفظات میں اضافہ کے معاملہ میں کانگریس سنجیدہ نہیں ہے بلکہ مسلم تحفظات میں اضافہ کے لئے سنجیدہ کوشش کی جار ہی ہے جبکہ بی سی تحفظات کو 42فیصد کرنے کے اقدامات سے غیر مسلم بی سی طبقات کے تحفظات میں مجموعی اعتبار سے 5 فیصد کا اضافہ ہوگا جبکہ بی سی طبقات کی فہرست میں شامل کئے گئے مسلمانوں کو حاصل تحفظات میں 10 فیصد کا اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ مرکزی مملکتی وزیر داخلہ نے کانگریس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی بی سی تحفظات میں اضافہ کرتے ہوئے اسے 42 فیصد کرنے کی اس صورت میں تائید کرنے کے لئے تیار ہے جبکہ کانگریس ریاستی حکومت کی جانب سے اس بات کی وضاحت کی جائے گی کہ 42 فیصد تحفظات کا فائدہ محض بی سی فہرست میں شامل غیر مسلم طبقات کو حاصل ہوگا۔ انہوں نے کانگریس کو بی سی تحفظات میں اضافہ کے سلسلہ میں غیر سنجیدہ جماعت قرار دیتے ہوئے استفسار کیا کہ کانگریس نے اپنے دور اقتدار میں کسی بی سی طبقہ سے تعلق رکھنے والے فرد کو وزیر اعظم کیوں نہیں بنایا! انہوں نے ریاستی حکومت سے استفسار کیا کہ کانگریس حکومت نے تلنگانہ میں نامزد عہدوں پر کتنے قائدین کو عہدے فراہم کئے گئے ہیں!انہو ںنے کانگریس سے استفسار کیا کہ کتنی ریاستوں میں بی سی طبقہ سے تعلق رکھنے والوں کو چیف منسٹر کا عہدہ دیا ہے!بنڈی سنجے نے دعویٰ کیا کہ ہندستان میں پہلے بی سی وزیر اعظم کے عہدہ پر فائز کرنے کا اعزاز بی جے پی کو ہے علاوہ ازیں مرکزی بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت نے مرکزی کابینہ میں 27 بی سی وزراء کو شامل کیا ہے جبکہ کئی ریاستوں میں بی سی طبقہ سے تعلق رکھنے والے چیف منسٹر بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے جنتر منتر کے دھرنے کو بی سی طبقات کی تائید حاصل نہ ہونے کا ادعا کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس بی سی تحفظات میں اضافہ پر سیاست کررہی ہے۔3