تلنگانہ میں ترقی اور فلاح و بہبود صرف کانگریس سے ممکن: سکھویندر سنگھ سکھو

   

برسر اقتدار آنے پر وعدوں کی تکمیل ، تلنگانہ میں بدعنوان سسٹم کی تبدیلی ضروری، جڑچرلہ میں جلسہ عام سے خطاب
حیدرآباد۔25۔مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ہماچل پردیش سکھویندر سنگھ سکھو نے کہا کہ تلنگانہ میں ترقی اور فلاح و بہبود صرف کانگریس پارٹی سے ممکن ہے ، لہذا آئندہ 5 ماہ بعد عوام کو کانگریس کی بھرپور تائید کرتے ہوئے برسر اقتدار لانا چاہئے ۔ چیف منسٹر ہماچل پردیش نے کہا کہ ملک میں نفرت کی سیاست کا خاتمہ اور اتحاد و یکجہتی کا فروغ کانگریس کا اہم مقصد ہے۔ کانگریس نے کبھی بھی اقتدار کیلئے دوڑ دھوپ نہیں کی بلکہ غریبوں اور عام آدمی کی خدمت کے جذبہ کے تحت کام کیا۔ چیف منسٹر ہماچل پردیش آج رات جڑچرلہ میں کانگریس کے جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا کی پد یاترا کے 800 کیلو میٹر کی تکمیل کے موقع پر یہ جلسہ عام منعقد کیا گیا تھا جس میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سکھویندر سنگھ سکھو نے عوام کو یقین دلایا کہ تلنگانہ میں پارٹی جو بھی وعدے کر رہی ہے ، ان پر برسر اقتدار آنے کے بعد عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہماچل پردیش میں ان کی حکومت نے غریبوں اور سرکاری ملازمین کیلئے نئی امدادی اسکیم متعارف کی ہے۔ تلنگانہ میں بھی نئی اسکیمات کا آغاز ہوگا۔ سکھویندر سنگھ سکھو نے ملک میں فرقہ واریت اور نفرت کی سیاست پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ راہول گاندھی نے نفرت کے خاتمہ کیلئے کنیا کماری سے کشمیر تک پد یاترا کرتے ہوئے عوام کو محبت کا پیام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی ترجیحات سماجی انصاف کی فراہمی ہے۔ یو پی اے دور حکومت میں منریگا اسکیم متعارف کی گئی تھی جس کے ذریعہ لاکھوں افراد کو روزگار حاصل ہوا۔ لاک ڈاؤن کے دوران منریگا اسکیم کے سبب لاکھوں گھروں میں چولہا جل سکا۔ سکھویندر سنگھ نے کہا کہ کانگریس نے ملک کی آزادی اور اتحاد و یکجہتی کی برقراری کیلئے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ کانگریس ملک کی واحد پارٹی ہے جس کے ذریعہ ملک کا اتحاد اور سالمیت برقرار ہے۔ اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی نے ملک کے لئے اپنی جانیں قربان کردیں۔ گاندھی خاندان اور کانگریس پارٹی نے ملک پر دو وزرائے اعظم قربان کرنے کی تاریخ بنائی ہے۔ چیف منسٹر ہماچل نے سونیا گاندھی کی قربانیوں کا تذکرہ کیا اور کہا کہ 2004 ء میں وزیراعظم کے عہدہ کو قبول نہیں کیا اور کسی عہدہ کے بغیر عوام کی خدمت کو جاری رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی اور بھٹی وکرمارکا کی پد یاترا اقتدار کیلئے نہیں بلکہ عوام کی بھلائی کی جدوجہد ہے۔ کانگریس پارٹی تلنگانہ میں موجودہ سسٹم کو تبدیل کرنا چاہتی ہے کیونکہ موجودہ بی آر ایس حکومت بدعنوانیوں میں ملوث ہے اور عوام کی بھلائی سے حکومت کو کوئی دلچسپی نہیں۔ سکھویندر سنگھ نے یقین ظاہر کیا کہ تلنگانہ میں آئندہ حکومت کانگریس کی ہوگی اور ترقی اور فلاح و بہبود کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ جلسہ عام سے اے آئی سی سی انچارج مانک راؤ ٹھاکرے ، صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی ، ارکان پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، سریدھر بابو ، جیون ریڈی ، وی ہنمنت راؤ ، پونالہ لکشمیا اور دوسروں نے خطاب کیا ۔ شہ نشین پر اے آئی سی سی سکریٹریز ندیم جاوید ، سمپت کمار ، ومشی چند ریڈی ، روہت چودھری ، انجن کمار یادو ، مہیش کمار گوڑ ، بلرام نائک ، اے راجو اور ضلع کانگریس صدر مدھو سدن ریڈی موجود تھے۔ر