تلنگانہ میں تمام ضلع کلکٹریٹس کے روبرو آج اپوزیشن کا دھرنا

   

حیدرآباد۔/29 ستمبر، ( سیاست نیوز) مرکز اور ریاستی حکومتوں کی زرعی پالیسیوں کیخلاف احتجاج جاری رکھتے ہوئے کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتیں 30 ستمبر کو ریاست کے تمام ضلع کلکٹریٹس پر مظاہرہ کرتے ہوئے یادداشت پیش کریں گی۔ کانگریس، بائیں بازو، تلنگانہ جنا سمیتی، تلگودیشم اور مختلف ٹریڈ یونینوں نے احتجاج کا منصوبہ بنایا ہے۔ ریاست میں اپوزیشن کی جانب سے مشترکہ طور پر احتجاج کا یہ پہلا موقع ہے اور قومی سطح پر کئے گئے فیصلہ کے مطابق 5 اکٹوبر تک احتجاجی پروگرام منظم کئے جائیں گے۔ اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس حیدرآباد میں منعقد ہوا جس میں ضلع واری سطح پر احتجاج کے علاوہ 5 اکٹوبر کو راستہ روکو احتجاج ہوگا۔ سی پی آئی سکریٹری سی وینکٹ ریڈی اور سی پی ایم سکریٹری پی ویرا بھدرم نے بتایا کہ مرکزی زرعی قوانین کے خلاف گزشتہ 10 ماہ سے قومی سطح پر احتجاج جاری ہے۔ اس کے علاوہ تلنگانہ میں کسان فصلوں کو بھاری نقصانات کے سبب پریشان ہیں۔ تلنگانہ حکومت نے کسانوں کے مسائل کو نظرانداز کردیا ہے۔ بائیں بازو قائدین کے مطابق 5 اکٹوبر کو عادل آباد سے اشواراؤ پیٹ میں راستہ روکو احتجاج منظم کرتے ہوئے جنگلاتی علاقوں میں کاشت کرنے والے قبائیلیوں کو اراضی کے حقوق الاٹ کرنے کی مانگ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایجنسی علاقوں کے 20 اسمبلی حلقوں میں کئی دہوں سے قبائیلی عوام جنگلاتی اراضی پر کاشت کررہے ہیں۔ 19 اپوزیشن جماعتوں کی قیادت میں کسانوں کو انصاف کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی۔ ر