تلنگانہ میں جائیدادوں کے رجسٹریشن میں کمی کے باوجود آمدنی میں اضافہ

   

سات ماہ میں رجسٹریشن سے 10,571 کروڑ کی آمدنی۔ جائیدادوں کی قیمتوں میں اضافہ کے فیصلے سے آمدنی بڑھ گئی

حیدرآباد، 20 نومبر (سیاست نیوز): تلنگانہ میں جائیداد کی رجسٹریشن کی تعداد کم ہونے کے باوجود حکومت کی آمدنی میں نمایاں اضافہ ہوا ۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں ان سات مہینوں میں دستاویزات کم رجسٹر ہوئے ہیں ، پھر بھی 365 کروڑ کی اضافی آمدنی ہوئی ۔ اسٹامپس اور رجسٹریشن محکمہ نے بتایا ہے کہ زرعی اور غیر زرعی جائیدادوں کی رجسٹریشن سے اپریل سے اکتوبر تک جملہ 10,571 کروڑ کی آمدنی ہوئی۔ گزشتہ مالی سال اپریل تا اکتوبر کے مقابلے اس بار زرعی جائیدادوں کی رجسٹریشن سے 1,296 کروڑ روپے کی آمدنی ہوئی۔ گزشتہ سال حکومت کو فی دستاویز اوسطاً 24,900 روپے ملتے تھے ، جو اس بار بڑھ کر 35,604 روپے ہو گئے۔ یوں اوسطاً 42.84 فیصد اضافہ درج ہوا۔حکومت نے رجسٹریشن کی قیمتوں پر نظرِ ثانی کی، جس سے جائیداد کی قیمتیں بڑھ گئیں۔ رجسٹریشن محکمہ کے حکام کا کہنا ہے کہ 5 جون سے نافذ اس نظرِ ثانی سے دستاویزات کی تعداد کم ہونے کے باوجود آمدنی بڑھ رہی ہے۔ دیہی علاقوں میں زرعی زمینوں کی قیمتیں بھی بڑھائی گئیں۔ گزشتہ سال اسی عرصے میں غیر زرعی جائیدادوں سے 3,438 کروڑ، 2,500 کروڑ اور 2,108 کروڑ روپے ، یعنی مجموعی طور پر 8,046 کروڑ روپے ، اور زرعی زمینوں سے 1,296 کروڑ روپے کی آمدنی ہوئی تھی۔ اس طرح کل آمدنی 9,342 کروڑ روپے تھی۔ 27-2026 کے بجٹ میں اسٹامپس اور رجسٹریشن محکمے کیلئے 19,540.54 کروڑ روپے کی آمدنی کا ہدف مقرر کیا گیا ۔ یہ گزشتہ مالی سال کے 16,087.26 کروڑ کے ہدف سے 3,453.28 کروڑ زیادہ ہے۔ ہدف پورا کرنے مارچ تک باقی پانچ مہینوں میں ہر ماہ 1,793.91 کروڑ روپے کی آمدنی درکار ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ پچھلے سات مہینوں میں اوسطاً ہر ماہ 1,510.14 کروڑ روپے کی آمدنی ہوئی۔22-اے فہرست میں زیرِ التوا درخواستوں کے تصفیے کیلئے حکومت نے ہدایات جاری کی ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ اس سے رجسٹریشن اور آمدنی میں مزید اضافے کا امکان ہے۔1