تلنگانہ میں جاریہ سال الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں بھاری اضافہ

   

Ferty9 Clinic

حکومت سے 1 لاکھ 59 ہزار 304 الکٹرک گاڑیوں کو سبسیڈی کی اجرائی ۔ پونم پربھاکر کا بیان
حیدرآباد۔20۔ڈسمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میں جاریہ سال الکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں بھاری اضافہ ہوا ہے اور جاریہ سال 1 لاکھ 59 ہزار الکٹرک وہیکل کی فروخت ہوئی ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر پونم پربھاکر نے ریاست میں الکٹرک وہیکل کو فراہم سبسیڈی سے واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ ریاست میں جاریہ سال جملہ 1 لاکھ 59 ہزار 304 الکٹرک گاڑیوں کو سبسیڈی فراہم کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ جی او 41کی اجرائی کے ذریعہ حکومت نے الکٹرک گاڑیوں کی سبسیڈی کیلئے 806.35 کروڑ جاری کئے ہیں ۔ انہو ںنے بتایا کہ حکومت تیز رفتاری سے اپنے نشانہ کی تکمیل پرتوجہ مرکوز کی ہوئی ہے اور جلد سرکاری محکمہ جات میں گاڑیوں میں 20 فیصد گاڑیوں کو الکٹرک وہیکل میں تبدیل کرنے کے نشانہ کو مکمل کرنے اقدامات کئے جائیں گے۔مسٹر پونم پربھاکر نے بتایا کہ تلنگانہ میں الکٹرک گاڑیوں کو فروغ دینے حکومت کے اقدامات سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کوشش کی جا رہی ہے بلکہ ایندھن پر انحصار کو کم سے کم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ حکومت نے جی او 263 کے ذریعہ 20ہزار الکٹرک آٹو کی خریدی کو منظوری دینے کے علاوہ 1000 سی این جی آٹوز ‘ 10ہزار ایل پی جی آٹو‘ 25ہزار الکٹرک آٹو برائے آؤٹر رنگ روڈ حدود خریدی کی منظوری دی ہے ۔ تلنگانہ حکومت سے الکٹرک گاڑیوں کو فروغ دینے اقدامات بالخصوص الکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں اضافہ کی پالیسی سے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ حکومت سے خانگی الکٹرک گاڑیوں کے ساتھ آرٹی سی بسوں میں بھی الکٹرک بسوں کی تعداد میں اضافہ کے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ نہ صرف شہر وبلکہ بیشتر تمام اضلاع تک ان کی رسائی کو یقینی بنایا جاسکے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ دونوں شہروں میں آرٹی سی بسوں و اضلاع اور بین ریاستی بس خدمات کو بھی یقینی بنانے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ تلنگانہ سے دیگر ریاستوں کیلئے الکٹرک بس خدمات کی سہولت دی جاسکے ۔ سرکاری محکمہ جات کی گاڑیوں میں 20 فیصدالکٹرک گاڑیوں کو شامل کرنے کی جو منصوبہ بندی کی ہے اس پر عمل کے ذریعہ ممکنہ حد تک جلد اس نشانہ کی تکمیل کے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ الکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو سرکاری سطح پر فروغ دیا جاسکے۔3