1.20 کروڑ خاندان 1.53 کروڑ گاڑیاں ، محکمہ ٹرانسپورٹ کی آمدنی میں تین گنا اضافہ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ میں ہر سال گاڑیوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے ۔ ریاست میں ایک کروڑ 20 لاکھ خاندان ہیں جب کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے اعداد و شمار کے لحاظ سے ایک کروڑ 53 لاکھ گاڑیاں ہیں ۔ علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے موقع پر 2 جون 2014 تک 71.52 لاکھ گاڑیاں تھیں ۔ جاریہ سال فروری 2023 تک گاڑیوں کی تعداد ایک کروڑ 53 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے ۔ ان میں دو پہیوں کی گاڑیاں 73.7 فیصد کار 13 فیصد اس کے بعد تیسرے نمبر پر ٹریکٹرس ہیں ۔ ریاست میں ہر دن تمام اقسام کی کئی نئی گاڑیاں سڑکوں پر پہونچ رہی ہیں ۔ شخصی گاڑیوں کے رجحان میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے ۔ کورونا کے بعد لوگوں نے شخصی گاڑیوں کو زیادہ اہمیت دی ہے ۔ ریاست میں ٹریکٹرس ، ٹریلرس کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔ 9 سال میں 2.69 لاکھ سے فروری 2023 تک ان کی تعداد بڑھ کر 6.96 لاکھ ( 258 فیصد ) کا اضافہ ہوگیا ہے ۔ مارچ کے اواخر تک ان کی تعداد 7 لاکھ ہوجانے کے قوی امکانات ہیں ۔ گاڑیوں کی تعداد کے ساتھ محکمہ ٹرانسپورٹ کی آمدنی میں بھی زبردست اضافہ ہوا ہے ۔ لائف ٹیکس ، سہ ماہی ٹیکس ، یوزر چارجس میں تین گنا اضافہ ہوگیا ہے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد پہلے مالیاتی سال 2 ہزار کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی تھی۔ سال 2022-23 میں آمدنی بڑھ کر 6 ہزار کروڑ روپئے ہوگئی ۔۔ ن