حیدرآباد 83.25 فیصد کے ساتھ سرفہرست، جگتیال49.87 فیصد کے ساتھ آخری نمبر پر
حیدرآباد۔/12 فروری، ( سیاست نیوز) وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے بتایا کہ مردم شماری 2011 کے مطابق تلنگانہ میں خواندگی کی شرح 66.54 فیصد ہے جس میں مرد 75.04 فیصد اور خواتین میں خواندگی 57.99 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ڈاکٹر ایم آنند کے سوال پر وزیر تعلیم نے بتایا کہ حکومت نے خواندگی کی شرح میں اضافہ کیلئے ہر شخص کو ایک شخص کی تعلیم سے متعلق اسکیم شروع کی ہے۔ کورونا کے پیش نظر دو سال اس اسکیم پر عمل نہیں ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے 2022-27 کیلئے نیا خواندگی پروگرام متعارف کیا ہے جس میں مرکز اور ریاست کی حصہ داری علی الترتیب 60 اور40 فیصد ہے۔ نیشنل لٹریسی پروگرام میں مرکز 5.13 کروڑ اور ریاستی حکومت 3.42 کروڑ ادا کریگی۔ سبیتا اندرا ریڈی نے بتایا کہ خواندگی میں حیدرآباد 83.25 فیصد کے ساتھ سرفہرست ہے۔ حیدرآباد میں مَردوں میں خواندگی 86.99 فیصد اور خواتین میں 79.35 فیصد درج کی گئی۔ میڑچل ملکاجگیری 82.48 فیصد کے ساتھ دوسرے اور ورنگل ( اربن ) 76.17 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ رنگاریڈی میں 71.88 فیصد خواندگی درج کی گئی اور یہ چوتھے نمبر پر ہے۔ کریم نگر 69.16 فیصد کے ساتھ پانچویں مقام پر رہا۔ جوگولمبا گدوال 49.87 فیصد خواندگی کے ساتھ آخری 33 ویں مقام پر ہے۔دیگر اضلاع میں کتہ گوڑم 66.40 ، کھمم 65.95 ، یادادری بھونگیر 65.24 ، پداپلی 65.52 ، منچریال 64.35 ، نظام آباد 64.25 ، سوریا پیٹ 64.11 ، سنگاریڈی 64.08 ، نلگنڈہ 63.75 ، عادل آباد 63.46 ، راجننا سرسلہ 62.71، سدی پیٹ 61.61 ، جنگاؤں 61.60 ، ورنگل ( رورل ) 61.26 ، ملگ 62.26 ، محبوب نگر 60.97 ، جگتیال 60.26 ، بھوپال پلی 58.97 ، وقارآباد 57.91 ، نرمل 57.77 ، محبوب آباد 57.13، آصف آباد56.72 ، کاماریڈی 56.51 ، میدک 56.12 ، ونپرتی 55.67 ، ناگرکرنول 54.38 اور نارائن پیٹ 49.93 فیصد خواندگی درج کی گئی۔