تلنگانہ میں رات کا کرفیو نافذ، لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری

   

Ferty9 Clinic

سڑکوں پر غیر ضروری گھومنے پر سخت انتباہ، اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد چیف سکریٹری اور ڈی جی پی کی مشترکہ پریس کانفرنس

حیدرآباد 23مارچ ( سیاست نیوز) تلنگانہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کرنے کا چیف سکریٹری نے انتباہ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غیرضروری اور بے وجہ سڑکوں پر گھومنے پر قانونی کارروائی کی جائیگی ۔لاک ڈاؤن کے پہلے دن کثیر تعداد میں عوام کے سڑکوں پر گھومنے اور وزیراعظم نریندر مودی کی لاک ڈاؤن شدہ ریاستوں کو لاک ڈاؤن پر مکمل عمل کی ہدایت کے بعد ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس پولیس عہدیداروں کے ساتھ منعقد کیا گیا ۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے ڈائرکٹر جنرل پولیس ایم مہیندر ریڈی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ریاست میں لاک ڈاؤن کے پیش نظر رات کا کرفیو رات 7بجے تا صبح 6بجے تک نافذ کیا جارہا ہے اور یہ کرفیو 31مارچ تک نافذ رہے گا ۔ سومیش کمار نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند رہے گا اور آٹوز ، بسیس اور ٹیکسی کیابس کو بھی سڑکوں پر آنے کی اجازت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضروری اشیاء کیلئے بعض دکانات اور پٹرول پمپس شام 7بجے تک کھلے رہیں گے ۔ سومیش کمار نے کہا کہ شام 7بجے کے بعد کوئی بھی شخص سڑک پر نظر آنے پر اُس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ صرف میڈیکل ایمرجنسی کے حالات میں دواخانہ جانے کی اجازت رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ لاک ڈاؤن کے پیش نظرریاست کی تمام سرحدوں بند کردیا گیا ہے اور صرف ضروری اشیاء دودھ ، ترکاری ، ادویات کی گاڑیوں کو آمد و رفت کی اجازت رہے گی ۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کیا جائے گا اور اس ضمن میں کوئی نرمی نہیں برتی جائیگی ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ لاک ڈاؤن کی اہمیت کو سمجھیں اور حکومت سے تعاون کریں ۔ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے لاک ڈاؤن کیا گیا ہے اور اس پر عمل کرنا ہر شہری کا فرض ہے ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی نے کہا کہ پولیس 24×7 ڈیوٹی پر تعینات ہیں اور لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے پیش نظر حکومت نے جی او نمبر 45 جاری کیا ہے جس میں رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے ہیں اور غیر ضروری سڑکوں پر گھومنے کو سختی سے منع کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رات 7بجے تا صبح 6بجے تک عوام کی چہل پہل اور گاڑیوں کی آمد و رفت مکمل بند رہے گی اور دن کے اوقات موٹر سیکل سوار کو موٹر سیکل پر ایک شخص اور کار میں دو افراد کو سفر کی اجازت رہے گی، لیکن صرف ضروری اشیاء کی خرید و فروخت کیلئے یہ نرمی رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے تمام پولیس اسٹیشن حدود میں چیک پوسٹ قائم کئے جاچکے ہیں اور بے وجہ گھروں سے باہر نکلنے والوں کی نشاندہی کرکے ان پر کارروائی کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ ممنوعہ اوقات کے دوران سڑکوں پر نظر آنے پر گاڑیاں ضبط کرلی جائیں گی اور یہ گاڑیاں کورونا وائرس کے خاتمہ کے بعد ہی واپس دی جائیگی ۔ مہیندر ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ پولیس ان ہنگامی حالات سے نمٹنے پوری طرح چوکس ہے اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی پر مقدمات درج کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کو کامیاب بنانے عوام کا تعاون ضروری ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو تعزیرات ہند کی دفعات کے تحت گرفتار کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے مختلف مقامات پر چیک پوسٹ کے علاوہ بیاریکیڈنصب کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آٹو یونین کو بھی لاک ڈاؤن سے آگاہ کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے پہلے دن عوام کی آمد و رفت کو دیکھا گیا ہے لیکن آج شام سے پولیس سختی سے لاک ڈاؤن پر عمل کریگی ۔ جنتا کرفیو کے تصاویر صفحہ 2پر ۔