تلنگانہ میں راجیہ سبھا کی 3 نشستوں کیلئے چیف منسٹر کی سرگرم مشاورت

,

   

ضمنی نشست کیلئے پرکاش راج کے نام کو قطعیت ، 2 نشستوں کیلئے امیدواروں کا کسی بھی وقت اعلان

حیدرآباد۔/17 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں راجیہ سبھا کی 3 نشستوں کیلئے امیدواروں کے انتخاب کے مسئلہ پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ گزشتہ دو دنوں سے مشاورت میں مصروف ہیں۔باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے قریبی وزراء اور قائدین کے ساتھ امیدواروں کے ناموں پر غور کیا اور کل تک ناموں کے سرکاری طور پر اعلان کا امکان ہے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ راجیہ سبھا کے ضمنی چناؤ کی نشست کیلئے فلم اسٹار پرکاش راج کے نام کو تقریباً قطعیت دی جاچکی ہے۔ بنڈا پرکاش کے کونسل میں انتخاب کے بعد راجیہ سبھا کی نشست سے استعفی کے سبب یہ نشست خالی ہوئی ہے۔ اس نشست کی میعاد اپریل 2024 تک رہے گی۔ کیپٹن لکشمی کانت راؤ اور ڈی سرینواس کی میعاد کی تکمیل کے سبب مخلوعہ 2 نشستوں کیلئے کئی دعویدار ہیں۔ سابق وزیر ایم نرسمہلو اور نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہوئے راجیہ سبھا کی رکنیت کی درخواست کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے تمام طبقات کو مناسب نمائندگی کے پیش نظر ناموں کی فہرست تیار کرلی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈی دامودر راؤ کے نام کو قطعیت دی جاچکی ہے جبکہ دوسری نشست کیلئے کھمم کے سابق رکن پارلیمنٹ پی سرینواس ریڈی کا نام سرکاری حلقوں میں گشت کررہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سرینواس ریڈی نے راجیہ سبھا کے بجائے اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ دونوں نشستوں کیلئے 31 مئی تک پرچہ جات نامزدگی داخل کئے جاسکتے ہیں جبکہ 24 مئی کو اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ 10 جون کو رائے دہی ہوگی۔ راجیہ سبھا کی نشستوں کے دعویداروں میں خاتون نمائندگی کے طور پر ایم ایل سی کویتا کا نام بھی گشت کررہا ہے۔ قومی سطح پر سیاست میں اہم رول ادا کرنے کے منصوبہ کے ساتھ کے سی آر پرکاش راج کی خدمات حاصل کرنا چاہتے ہیں جبکہ پارٹی حلقوں میں قومی سیاست میں کویتا کے اہم رول کی بھی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ ر