تلنگانہ میں روم کے بادشاہ نیرو کی طرح کے سی آرکی حکمرانی لوک سبھا میں بی جے پی رکن سنجے کمار کا ریمارک

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد ۔ 3 ۔ جولائی (سیاست نیوز) کریم نگر سے تعلق رکھنے والے بی جے پی رکن پارلیمنٹ بی سنجے کمار نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ میں روم کے بادشاہ نیرو کی طرح کے سی آر کی حکومت چل رہی ہے۔ لوک سبھا میں تقریر کرتے ہوئے سنجے کمار نے کے سی آر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انٹرمیڈیٹ نتائج میں بے قاعدگیوں اور 27 طلبہ کی خودکشی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے سنجے کمار نے کہا کہ کے سی آر کی لاپرواہی کے نتیجہ میں 27 طلبہ نے خودکشی کرلی ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کے دوبارہ احیاء کو روکنے کیلئے گورنر کو غیر جانبداری سے سخت اقدامات کرنے چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی خودکشی کے واقعات کے بعد انٹرمیڈیٹ بورڈ میں بے قاعدگیوں کا پتہ چلانے کیلئے ریاستی حکومت نے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی۔ کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں کئی بے قاعدگیوں اور خامیوں کو بے نقاب کیا لیکن چیف منسٹر کے سی آر نے رپورٹ کو برف دان کی نذر کردیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی دھاندلیوں نے ہزاروں طلبہ کے مستقبل کو تاریک کردیا ہے۔