مہاراشٹرا میں بدعنوانیوں کے ذریعہ حکومت کی تشکیل : پونم پربھاکر کا بیان
حیدرآباد ۔ 23 نومبر (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر نے تلنگانہ میں سرجیکل اسٹرائیک سے متعلق بی جے پی صدر ڈاکٹر لکشمن کے بیان کو مضحکہ خیز قرار دیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ تلنگانہ میں اقتدار کا خواب دیکھنے سے پہلے بی جے پی کو حضورنگر ضمنی چناؤ کی بدترین شکست یاد رکھنی چاہئے۔ حضورنگر میں بی جے پی امیدوار کو صرف 2 ہزار ووٹ حاصل ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کیلئے کوئی موقع نہیں ہے اور ٹی آر ایس کا واحد متبادل کانگریس پارٹی ہے۔ مہاراشٹرا میں بی جے پی حکومت کی تشکیل کو جمہوریت کے قتل اور مہاراشٹرا کو تاریخ کا یوم سیاہ سے تعبیر کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا مہاراشٹرا کے سیاسی حالات بی جے پی کی بدعنوانیوں کو ثابت کرتے ہیں۔ راج بھون، راشٹراپتی بھون اور وزیراعظم نے مل کر یہ سیاسی کھیل کھیلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیرقانونی طریقہ سے عہدے حاصل کرنے کے بجائے عوام کے دلوں کو جیتنا چاہئے۔ کانگریس نے یہ کبھی بھی نہیں کہا کہ وہ مہاراشٹرا میں برسراقتدار آئے گی۔ سونیا گاندھی بھی اپوزیشن کا رول ادا کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ این سی پی سے کانگریس کی بات چیت اقتدار کیلئے نہیں تھی۔ آسام، کرناٹک اور گوا کے بعد اب مہاراشٹرا میں عوام کے فیصلے کے خلاف ارکان اسمبلی کی خریدوفروخت کے ذریعہ بی جے پی نے حکومت تشکیل دی ہے۔ مہاراشٹرا کا مسئلہ غیرجمہوری ہے اور بی جے پی کی تاریک سیاست کا کھلا ثبوت ہے