تلنگانہ میں سردی میں اضافہ ‘ درجہ حرارت میں گراوٹ

   

حیدرآباد4 دسمبر(یواین آئی)تلنگانہ میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور درجہ حرارت کم ہورہی ہے ۔ سردی کی لہر سے عوام کا صبح کے وقت گھروں سے باہر نکلنا مشکل ہو رہا ہے ۔ زرعی سرگرمیوں پر جانے والے کسان شدید سردی سے پریشان ہیں۔ حیدرآباد شہر کے نواحی علاقوں میں کہر دیکھی جارہی ہے ۔ ایل بی نگر، ونستھلی پورم، ہستنا پورم اور ناگول میں کہر سے گاڑی چلانے والوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ سردی سے بچے اور معمرین شدید متاثرہیں۔ صبح کی اولین ساعتوں سے ہی سرد ہوائیں چل رہی ہیں۔ اسپتالوں میں مریضوں کا ہجوم ہے ۔ نزلہ’ کھانسی’ زکام اور بخار میں کئی افراد مبتلا ہیں۔ اضلاع میں گرم ملبوسات کی خرید و فروخت میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ عوام سویٹرس’ ٹوپیوں اور مفلرس کااستعمال کررہے ہیں۔ صبح اورشام کے اوقات میں ریاست کے بیشتر مقامات پر لوگ آگ تاپتے نظر آرہے ہیں۔ صبح 9بجے تک سردی کی لہر دیکھی جارہی ہے اور شام چار بجے سے دوبارہ لہر ہورہی ہے ۔