تلنگانہ میں سفید راشن کارڈ پر 12 کیلو مفت چاول کی تقسیم کا آغاز

,

   

حیدرآباد۔ یکم اپریل، (این ایس ایس ) تلنگانہ میں ایک طویل عرصہ سے زیر انتظار مفت 12 کیلو چاول کی تقسیم کا چہارشنبہ سے آغاز ہوگیا۔ بشمول ریاستی دارالحکومت مختلف اضلاع میں اس اسکیم پر عوامی نمائندوں اور عہدیداروں نے عمل آوری کا آغاز کیا۔ حیدرآباد ڈسٹرکٹ چیف راشننگ آفیسر بالا مئی دیوی نے کہا کہ شہر کے سفید کارڈ گیرندوں کیلئے یہ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں 675 راشن کی دکانات اور 5.8 لاکھ سفید راشن کارڈ گیرندے ہیں۔ بالا مئی نے مزید کہا کہ ہر ایک راشن کی دکان پر روزانہ 100 کوپن تقسیم کئے جارہے ہیں اور مقررہ وقت میں متعلقہ راشن شاپس پر مستحقین کو 12 کیلو چاول مفت دیئے جارہے ہیں۔ چیف راشننگ آفیسر نے کہا کہ راشن کی تمام دکانات پر چاول کی تقسیم کے دوران بھی سماجی فاصلہ کو یقینی بنانے کے تمام اقدامات کئے گئے ہیں۔ تمام دکانات پر سینٹائزرس اور پینے کیلئے صاف پانی کا انتظام کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام مستحق راشن کارڈ گیرندوں میں چاول کی تقسیم کی جائے گی۔